Live Updates

عمران خان سمیت دیگر مخالفین اورنج لائن میٹروٹرین فوبیا کا شکار ہو چکے ہیں،سیاسی مخالفین کو پنجاب کے میگاپراجیکٹس کی تکمیل سے اپنا سیاسی مستقبل تاریک ہوتا دکھائی دیتا ہے،میگاپراجیکٹس بنانے کے لئے کسی صوبے کے لئے کوئی رکاوٹ نہیں‘ اپنی نااہلی چھپانے کے لئے دوسروں پر تنقید کی جاتی ہے ،پرویزالٰہی پی آئی اے کے معاملے پر اپنی ڈفلی بجانا چھوڑ دیں‘ چوہدری برادران کے منصوبے صرف کاغذوں میں بنتے تھے ، حکومت پنجاب کے ترجمان سیدزعیم حسین قادری کابیان

ہفتہ 6 فروری 2016 22:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 فروری۔2016ء ) پنجاب اسمبلی کے رکن اور حکومت پنجاب کے ترجمان سیدزعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ عمران خان سمیت مخالفین اورنج لائن میٹروٹرین فوبیا کا شکار ہو چکے ہیں۔ عمران خان اور دیگر کو پنجاب کے میگاپراجیکٹ کی تکمیل سے اپنا سیاسی مستقبل تاریک ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ ہفتہ کو عمران خان اور دیگر کے بیانات پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئیسیدزعیم حسین قادری نے کہا کہ میگاپراجیکٹ بنانے کے لئے کسی صوبے کے لئے کوئی رکاوٹ نہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما اپنی نااہلی کو چھپانے کے لئے پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کو ہدف تنقید بنا رہے ہیں۔ عمران خان جتنا وقت دوسروں پر تنقید میں صرف کرتے ہیں اگر خیبرپختونخوا کو اتنا ہی وقت دیں تو وہاں کے عوام کی محرومیاں دور ہو جائیں ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں سیدزعیم حسین قادری نے پرویزالٰہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پرویزالٰہی پی آئی اے کے معاملے پر اپنی ڈفلی بجانا چھوڑ دیں۔

چوہدری برادران کے دور حکومت میں ترقیاتی منصوبے صرف کاغذوں میں بنتے تھے۔ چوہدری پرویزالٰہی لاہور کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بنائے جانے والے منصوبوں کی مخالفت کم ظرفی کا ثبوت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران کے دورحکومت کے برعکس مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوامی خدمت کے عملی اقدامات کے ذریعے میگاپراجیکٹس کو پایہ تکمیل تک پہنچا رہی ہے۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوامی خدمت کے ایجنڈے پرعمل پیرا رہے گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات