موجودہ حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی،سردار آصف احمد علی

پٹرولیم مصنوعات کی عالمی سطح پر ریکارڈ کمی کے باوجود پاکستان میں گراں فروشی کھلامذاق ہے ۔جمہوریت میں جمہور کی آواز کو دبانا آمریت سے بھی بدترہے ،عوام کے حقوق کا ہر طرح سے احترام ہونا چاہئے، صحافیوں سے گفتگو

اتوار 7 فروری 2016 16:24

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 فروری۔2016ء) سابق وفاقی وزیر سردار آصف احمد علی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ، پٹرولیم مصنوعات کی عالمی سطح پر ریکارڈ کمی کے باوجود پاکستان میں گراں فروشی کھلامذاق ہے ۔جمہوریت میں جمہور کی آواز کو دبانا آمریت سے بھی بدترہے ،عوام کے حقوق کا ہر طرح سے احترام ہونا چاہئے۔

اِن خیالات کا اظہاراُنہوں نے اوکاڑہ کے صحافیوں سے ایک ملاقات کے دوران کیا۔سردار آصف احمد علی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنی سابقہ ادوار کی روایات کو برقرار رکھا ہے اور وہ ایک بار پھر ماضی کی غلطیاں دھرا کے اپنے جانے کا راستہ خود ہی ہموار کرنے میں لگی ہوئی ہے ۔جس جماعت میں سب ہی قائد ہوں اُسے کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہوتی ۔

(جاری ہے)

یہ لوگ نعرے تو غریب عوام کے لگاتے ہیں ، اَپوزیشن میں ہوں تو باتیں بھی اُن کے حق کی کرتے ہیں لیکن جیسے ہی اقتدار میں آتے ہیں تو اِن کا کرداراُس کے برعکس ہوتاہے۔

نواز شریف اور شہباز شریف نے عام اِنتخابات سے قبل ملک سے توانائی بحران سمیت دیگر ملکی مسائل کوحل کرنے کے عوام سے بلندوبانگ دعوے تو کئے تھے لیکن ڈھائی سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود بھی کوئی ایک وعدہ ایفاء نہیں ہوسکااور نہ ہی عوام کو ریلیف مل سکاہے ۔اس کے باوجود عام آدمی کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوچکاہے ، مہنگائی اور بیروزگاری ماضی کے مقابلے میں کئی گنازیادہ بڑھ چکی ہے ۔

لوگ اپنے حالات سے خائف ہوکر خودکشیاں کررہے ہیں ، جمہوریت کے نام پر ملک میں جمہورکی آواز کو نظرانداز کرکے اُن کے مینڈیٹ کا مذاق اُڑایا جارہاہے ۔ قومی اِداروں کی لُوٹ سیل لگاکے اُنہیں کوڑیوں کے بہاوٴ فروخت کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں ۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہ راست فائدہ عوام کو منتقل کرنے کی بجائے حکومت اپنی جیبیں بھررہی ہے اور ٹیکسز کی شرح میں مسلسل اضافہ کیاجارہا ہے جس کا سارا بوجھ عوام پر ڈالا جارہاہے ۔

ایسی جمہوریت کا کیا فائدہ ہے جس میں جمہورکے حقوق کا تحفظ ہی نہ ہو۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ملک میں افراتفری پیدا کرنے کی بجائے عوام کے لئے آسانیاں پیداکریں جنہوں نے اس جمہوریت کی بحالی کے لئے گراں قدقربانیاں دیکر آمریت سے چھٹکارا دلایا ۔