ہانگ کانگ ایک سو برس بعد فرنگی سے آزادی حاصل کر سکتا ہے تو پھر کشمیر بھی بھارتی تسلط سے جلد آزاد ہو گا، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

پیر 8 فروری 2016 16:49

ہانگ کانگ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ کشمیری اور پاکستانی دنیا میں جہاں کہیں بھی ہوں وہ کشمیر کی آزادی کے لئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ اگر ہانگ کانگ ایک سو برس بعد فرنگی سے آزادی حاصل کر سکتا ہے تو پھر کشمیر بھی بھارتی تسلط سے جلد آزاد ہو گا۔

آزادی کی تحریکوں میں سرد گرم موسم آتے جاتے رہتے ہیں لیکن اگر قومیں فیصلہ کرلیں تو پھر کوئی بھی ان کا راستہ نہیں روک سکتا۔ مودی نواز ایک نہیں سو معاہدے کرلیں ۔ اب کشمیریوں کا راستہ نہیں روکا جا سکتا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں ہانگ کانگ میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے بطو مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جلسہ عام کی صدارت چوہدری زاہد نے کی جبکہ جلسہ عام سے ہانگ کانگ پی ٹی آئی کے صدر چوہدری الیاس، سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری حمید پوٹھی، چوہدری اللہ دتہ، چوہدری فیصل لعل، محمد حفیظ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں عمران خان کے ویژن کو اب بہتر انداز میں سمجھا جا رہا ہے اور تحریک انصاف اس وقت آزاد کشمیر کی ایک بڑی سیاسی و عوامی قوت بن کر ابھری ہے۔آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت کشمیر پی ٹی آئی کی ہوگی۔انھوں نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقدامات کرے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں پندرہ سال سے ہانگ کانگ آرہا ہوں اور ہانگ کانگ میں کشمیریوں اور پاکستانیوں نے میری ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے اور آج اس جلسہ میں اتنی بڑی تعداد میں تارکین وطن کی شرکت سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ ہانگ کانگ کے تارکین وطن آج بھی میرے ساتھ ہیں۔انھوں نے کہا کہ میں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا پہلے لندن میں ٹرائفلگر اسکوائر کے سامنے ملین مارچ کیا اور اب نیویارک میں اقوام متحدہ میں ملین مارچ کیا جس سے مسئلہ کشمیر عالمی افق پر ایک فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔

اسی طرح مودی کی برطانیہ آمد پر اس کا پیچھا کیا اور برطانوی وزیر اعظم سے ملاقات کے موقع پر ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے سامنے کشمیریوں کے مظاہرے کی قیادت کی جبکہ بعد ازاں مودی کی ویمبلے اسٹیڈیم آمد پر بھی اسکے خلاف مظاہر ہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاک، بھارت مذاکرات میں کشمیری عوام کو بھی شریک کیا جائے۔ اسی طرح انٹراء کشمیر ڈائیلاگ کا اہتمام کیا جائے تاکہ کشمیری اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کر سکیں۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں جہاں بھی کشمیری آباد ہیں وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے اس فیصلہ کن معرکہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ مودی کی انسانیت کش پالیسیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں بھارت کا مکروہ اور اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے اورہم نے بھارت مجرموں کے کٹہرے میں لاکھڑا کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دو نوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔ لہذا دنیا مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقدامات کرے۔

متعلقہ عنوان :