آزاد کشمیر حکومت کا سورج غروب ہونے والا ہے، آزاد کشمیر اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) دو تہائی اکثریت سے آئے گی،کراچی سے مظفر آباد تک پاکستان مسلم لیگ (ن) کا سبز ہلالی پرچم لہرائے گا، پلندری کے عوام نے آزاد کشمیر کے حکمرانوں کا مظفر آباد سے اسلام آباد کیلئے ٹکٹ کاٹ دیا ہے، وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر حکومت کو 300 ارب روپے ترقیاتی اخراجات کیلئے دیئے،مگر آزاد کشمیر کی حکومت نے فنڈز عوام کی ترقی اور انفراسٹرکچر کیلئے خرچ نہ کئے‘ آج دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ پاکستان خطہ میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے، جس طرح وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کر رہی ہے اسی طرح اُن کا نمائندہ آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت کرے گا، جو خوشیاں، امن اور امید کراچی اور بلوچستان کے عوام کو ملیں وہ کشمیر کے عوام کو بھی ملیں گی

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید کا پلندری میں ورکرز کنونشن سے خطاب

پیر 8 فروری 2016 22:47

پلندری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ کراچی سے مظفر آباد تک ایک ہی پرچم لہرائے گا جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کا سبز ہلالی پرچم ہوگا، آج دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ پاکستان خطہ میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے، جس طرح وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کر رہی ہے اسی طرح اُن کا نمائندہ آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت کرے گا، جو خوشیاں، امن اور امید کراچی اور بلوچستان کے عوام کو ملیں وہ کشمیر کے عوام کو بھی ملیں گی، کشمیر کی آزادی کیلئے کشمیریوں نے لازوال قربانیاں دیں، شہداء کے خون اور غازیوں سے عہد کرتے ہیں کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور اپنے دکھی اور منقسم بہن بھائیوں کو ایک کرنے کیلئے جس نے موٹروے بنائی وہی اس کا راستہ نکالے گا جس سے کشمیر کے دونوں اطراف کے بچھڑے خاندان یکجا ہونگے،وزیراعظم نوازشریف نہ صرف کشمیر کے بچھڑے خاندانوں کو ملائیں گے بلکہ خطے میں خوشحالی بھی لائیں گے۔

(جاری ہے)

پیر کو یہاں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کنونشن میں عوام کی کثیر تعداد دیکھ کر یوں لگتا ہے کہ پورا پلندری مسلم لیگ (ن) کا شہر بن چکا ہے، آپ کی اس محبت کو دیکھ کر آگے جائیں گے، راولاکوٹ، باغ اور مظفر آباد جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کا سورج غروب ہونے والا ہے، جہاں اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) دو تہائی اکثریت سے آئے گی، کارکنوں کی محبت سے پارٹی کو نئی طاقت دینگے۔

انہوں نے کہا کہ بھمبر سے جو قافلہ شروع ہوا وہ میرپور ‘ کوٹلی اور پلندری پہنچا، پھر مظفر آباد پہنچے گا۔ مظفر آباد کے عوام آزاد کشمیر کے حکمرانوں کو کوہالہ سے پار پہنچا دینگے کیونکہ آزاد کشمیر حکومت کا صدر اور وزیراعظم اسلام آباد میں نظر آتے ہیں، انہیں کشمیر کے شہروں میں نہیں دیکھا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ پلندری کے عوام نے آزاد کشمیر کے حکمرانوں کا مظفر آباد سے اسلام آباد کیلئے ٹکٹ کاٹ دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر حکومت کو 300 ارب روپے ترقیاتی اخراجات کیلئے دیئے۔ اگر ہر ضلع پر 30 ارب روپے خرچ ہو جاتے تو کشمیر بہت ترقی یافتہ بن جاتا۔ مگر آزاد کشمیر حکومت نے ترقیاتی فنڈز عوام کی ترقی اور انفراسٹرکچر کیلئے خرچ نہ کئے۔ اب اس پیسے کے حساب کا وقت قریب آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کی کوشش تھی کہ 2011ء کی طرح 2016ء کے انتخابات کو بھی چرا لیا جائے تاہم آزاد کشمیر کی عدلیہ نے ان کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔

اب عوام اور یوتھ ونگ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس فیصلے کو تبدیل نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سازش کی جارہی ہے کہ اسمبلی کی مدت جو رمضان سے قبل ختم ہو رہی ہے، سے 5 سال کیلئے اپنا نیا صدر منتخب کرا لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسی اسمبلی جو اپنی آئینی مدت پوری کرنے کو ہے وہ اگلے پانچ سال کیلئے نیا صدر کیسے منتخب کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جانے والا صدر 5 سال کیا 5 دن کیلئے بھی رکن منتخب نہیں ہو سکتا جس نے کوئی اچھا کام نہیں کیا، انتخابات میں اس کی ضمانت ضبط ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کے صدر کو موجودہ اسمبلی سے منتخب کرانا غیر اخلاقی اور خیر قانونی اقدام ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وفاق میں پی پی کی حکومت دیکھی اور کشمیر میں بھی، نہ وفاق میں عوام کو کوئی سکھ ملا اور نہ کشمیریوں کو سکھ حاصل ہوا۔

پی پی پی کی حکومتوں نے دکھ ہی دیئے، اب وفاق میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی (ن) لیگ کی حکومت بنے گی۔ کراچی سے مظفر آباد تک ہر طرف سبز ہلالی پرچم لہرائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی حکومت نے پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔ آج دنیا کہتی ہے کہ پاکستان خطہ میں تیزی سے ترقی کرنے والے ملک میں تبدیل ہو گیا ہے۔

نوازشریف کا نمائندہ مظفر آباد میں حکومت سنبھالے گا، کشمیر کے لوگوں کو وہ خوشیاں، سکون اور چین حاصل ہو گا جو بلوچستان اور کراچی کو واپس کیا گیا ہے۔ یہی امید اور سکون مظفر آباد، کوٹلی، میرپور، بھمبر، باغ اور پلندری کو واپس کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بھائی بہن جو کشمیر کے دوسری طرف ہیں انہیں اپنے پیاروں سے ملایا جائے گا۔ تقسیم شدہ خاندانوں کو اسی طرح ایک کیا جائے گا جس طرح وزیراعظم نوازشریف نے موٹروے کے ذریعے پاکستان کو یکجا کیا ہے۔

ہمارا قائد دونوں اطراف کے کشمیریوں کو متحد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ شیر پر مہر کا مطلب ترقی اور خوشحالی ہے اور بچھڑے خاندانوں کو آپس میں ملانا ہے۔ آئندہ انتخابات میں عوام کا فیصلہ ان دونوں منزلوں کو ملائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پلندری میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے وزیراعظم نوازشریف کے وعدے کو پورا کیا جائے گا۔