پنجاب سے معدنیات نکالنے کیلئے ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کا انتخاب جلد کر لیا جائیگا،چوہدری شیر علی خان

پیر 8 فروری 2016 22:58

لاہور۔8 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 فروری۔2016ء) صوبائی وزیر معدنیات و کان کنی چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب معدنی پیداوار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے معدنیات کے شعبے میں دوررس اصلاحات عمل میں لارہی ہے۔ محکمہ معدنیات اس سال 4720مائنز ورکرز کو جدید فنی تربیت فراہم کررہاہے۔ صوبہ بھر میں نئے معدنی ذخائر کی دریافت اور قیمتی دھاتوں کو نکالنے کے ذریعے صنعتی ترقی میں کئی گنا اضافہ ممکن ہے۔

انہوں نے یہ بات نئے معدنی ذخائر کی دریافت اور اس شعبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ پنجاب بھر سے اہم معدنیات نکالنے کے لیے قومی و بین الاقوامی مارکیٹ سے ماہرین اور سرمایہ کاروں کا انتخاب اگلے تین ماہ میں کرلیا جائے گا اوران سرمایہ کاروں کے انتخاب کے لیے بین الاقوامی سطح پر شفاف بڈنگ کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب میں کوئلے، لوہے، لائم سٹون، راک سالٹ سمیت 35سے زائد اہم معدنیات نکالنے کے لیے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔ پنجاب میں معدنی پیداوار میں اضافہ کی بدولت سیمنٹ، سوڈاایش، کا سٹک سوڈا، شیشہ اور دیگر صنعتوں کی ترقی ممکن ہوسکے گی۔ وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ حکومت پنجاب معدنی ذخائر کو صنعتی و معاشی ترقی کے لیے نہایت اہم قرار دیتی ہے اور قیمتی دھاتوں کو زمین سے نکالنے اور صنعتی استعمال میں لانے کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔

چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ محکمہ معدنیات کی تنظیم نو کے پروگرام کے تحت مائنز ورکرز کو جدید حفاظتی آلات اور فنی تربیت کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے کیونکہ معدنیات نکالنے کے لیے ہنر مند افرادی قوت انتہائی ضروری ہے جس کے لیے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مائنز ورکرز کو شعبہ جاتی جدید تربیت فراہم کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :