نشے کی حالت میں طیارہ اڑانے کے الزام میں گرفتار پائلٹ کی درخواست ضمانت پر مقدمہ کا ریکارڈ طلب

پیر 8 فروری 2016 22:58

لاہور۔8 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 فروری۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے مبینہ طور پر شراب کے نشے میں دھت ہو کر ایک نجی ائیر لائن کا طیارہ اڑانے والے گرفتار پائلٹ عصمت محمود کی دائرضمانت درخواست پر سول ایوی ایشن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پولیس سے پندرہ روز میں مقدمہ کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پیر کو ملزم پائلٹ عصمت محمودکی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔

ملزم کیپٹن عصمت محمود کے وکیل حسن اقبال وڑائچ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ پرواز کے دوران طیارے سے فنی خرابی کی آوازیں آرہی تھی اور لینڈنگ گیئر بھی کام نہیں کر رہا تھا جس سے مسافروں کی جانیں جا سکتی تھی تاہم پائلٹ عصمت محمود نے پیشہ ورانہ مہارت سے مسافروں کی جانیں بچائیں، حادثہ کی ذمہ داری متعلقہ ایئر لائن کی ہے جس نے خراب جہاز پرواز کے لئے استعمال کیااور کمپنی نے اپنی بد نامی کا ملبہ ملزم پائلٹ عصمت محمود پر ڈال دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب ملزم کے خلاف درج ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی ختم ہوگئی ہیں لہذا عدالت ملزم کو درخواست ضمانت پر رہا کرنے کا حکم صادر کرے۔ عدالت نے سول ایوی ایشن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پولیس سے پندرہ روز میں مقدمہ کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :