لاہور ہائیکورٹ نے پی آئی اے ملازمین پر لازمی سروس ایکٹ کے نفاذ کے خلاف دائردرخواست نا قابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی

پیر 8 فروری 2016 22:58

لاہور۔8 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 فروری۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے پی آئی اے ملازمین پر لازمی سروس ایکٹ کے نفاذ کے خلاف دائردرخواست کو نا قابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی ۔ جسٹس شاہد وحید نے پیر کے روز درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار ورکرز کنفیڈریشن کے وکیل اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا تھا کہ لازمی سروس ایکٹ کا نفاذ آئین کے منافی ہے، آئین کے تحت ملازمین کا احتجاج کرنا ان کا بنیادی آئینی حق ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ لازمی سروس ایکٹ کا نفاذ اس وقت ہو سکتا ہے جب ریاست کی سالمیت کو خطرہ ہو لہذا عدالت پی آئی اے ملازمین پر لازمی سروس ایکٹ کا نفاذکا لعدم قرار دے ۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعددرخواست کو نا قابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دیا ۔ عدالت نے قرار دیا کہ رٹ درخواست کے ساتھ لازمی سروس ایکٹ کے نفاذ کا نوٹیفکیشن منسلک نہیں جبکہ درخواست گزار ورکرز کنفیڈریشن رجسٹرڈ تنظیم بھی نہیں ہے ۔