شہید حریت مقبول بٹ شہید کی 32 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

جمعرات 11 فروری 2016 14:51

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء) شہید حریت مقبول بٹ شہید کی 32 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی‘ دارالحکومت مظفرآباد میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ(آر) کے زیر اہتمام کے ایچ خورشید مرحوم کے مزار کے باہر بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نریندر مودی کا پتلا بھی نظر آتش کیا گیا۔ اقوام متحدہ‘ انسانی حقوق کے علمبرداروں سے مقبول بٹ شہید کی باقیات کا مطالبہ بھی کیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق شہید حریت مقبول بٹ شہید کی 32 ویں برسی کے موقع پر جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ( آر) کے زیر اہتمام اپر اڈہ کے ایچ خورشید مرحوم کے مزار کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ کی قیادت نمائندہ لبریشن فرنٹ آر شعیب احمد شاہ کررہے تھے جس میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس جموں وکشمیر کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام سمیت سیاسی و سماجی اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا پتلا نظر آتش کیا اور بھارت کیخلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ ”ہے حق ہمارا آزادی “کے نعروں سے فضاء گونج اٹھی‘ بھارت جلد از جلد مقبوضہ وادی سے اپنی افواج کا انخلاء کرے تاکہ خطہ میں قیام امن ممکن ہوسکے۔ مقبول بٹ شہید سمیت لاکھوں شہدائے کشمیر کی قربانیا ں رائیگاں نہیں جائیں گے۔ انشاء اللہ کشمیر جلد آزادہوگا۔

احتجاجی مظاہرہ سے شعیب احمد شاہ‘ مشتاق الاسلام ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی 8 لاکھ افواج کشمیریوں حق آزادی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ لاکھوں کشمیریوں نے جان کا نذرانہ دے کر تحریک آزادی کشمیر کو جلا بخشی ہے۔ وہ دن دور نہیں جب بھارت مقبوضہ وادی سے اپنی افواج کا انخلاء کریگا۔مظاہرہ سے محفوظ انقلابی‘ جامعہ کشمیر کے طلباء نے بھی خطاب کیا۔

مظاہرہ کے اختتام پر عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو پابند کرے وہ مقبول بٹ شہید کا جسد خاکی کشمیری قوم کے حوالے کرے اور بھارت پر دباؤ بڑھائے کہ وہ جلد از جلد مقبوضہ وادی سے اپنی افواج کا انخلاء کرے اور بڑھتے ہوئے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم روکے ۔ آخر میں مقبول بٹ شہید‘ شہدائے کشمیر اور شہدائے پاک افواج کی بلندی درجات کیلئے دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :