ہلدی وتر کی حالت میں برداشت کرنے کی ہدایت

جمعہ 12 فروری 2016 12:34

فیصل آباد۔12 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 فروری۔2016ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہلدی وتر کی حالت میں برداشت کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار فصل کی برداشت سے تین سے چار روز قبل ہلدی کے کھیت کو ہلکا پانی لگائیں ، وتر حالت میں پتے کاٹ کر الگ کر لیں اور کسّی کی مدد سے برداشت کا عمل مکمل کریں۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہاکہ ہلدی کا وتر حالت میں برداشت کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ برداشت کی ہوئی ہلدی کی گنڈیوں کو اچھی طرح صاف کر کے پانی میں پہلے ایک گھنٹہ تک ابالنا چاہیے اور جب گنڈیاں ہاتھ سے دبانے پر نرم معلوم ہوں تو پانی نکال کر انہیں 8 سے 10 دن کیلئے دھوپ میں ڈال کر خشک کرلیں۔