آزمودہ قیادت ،فرسودہ نظام ہمارے مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں اضافے کا سبب بن رہا ہے ،چوہدر ی محمد رفیق

ہفتہ 13 فروری 2016 15:21

عباسپور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 فروری۔2016ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نامز دامیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ LA17پونچھ 1عباسپور چوہدر ی محمد رفیق نے کہا ہے کہ آزمودہ قیادت اور فرسودہ نظام ہمارے مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں اضافے کا سبب بن رہا ہے اس فرسودہ نظام کے ہوتے ہوئے نہ تو ہمارا ایمان سلامت رہ سکتا ہے اور نہ مسائل حل ہوسکتے ہیں ،عوام اپنے حق کے لیے اٹھ جائیں تو تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں ،حلقہ نمبر1عباسپور کے عوام جماعتوں کی کارکردگی کی بنیادی پر فیصلہ کریں گذشتہ انتخابات میں ووٹ لینے والے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے مسائل میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں ،حقیقی تبدیلی چاہنے والے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی چوہدری نذیر احمد اصلاحی،چوہدری کبیر علی،سردار محمد ندیم خان سمیت دیگر قائدین موجود تھے ،اس موقع پر چوہدری محمد رفیق نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کی بطور جماعت کارکردگی دیکھیں اور ہماری خدمات کو دیکھیں تو جماعت اسلامی کی خدمات کا پلڑا سب پر بھاری ہو گا انہوں نے کہا کہ گذشتہ انتخابات میں ہم نے عوام کے مسائل کے حل کے لیے جس جماعت کا ساتھ دیا وہ مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے ہم سمجھتے ہیں کہ چوہدری محمد یاسین گلشن اپنے وعدے کے مطابق جماعت اسلامی کی حمایت کریں انہوں نے کہا کہ گذشتہ انتخابات میں جماعت اسلامی کے کارکنان نے اپنی پوری توانیوں کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کی سپورٹ کی جبکہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے جماعت اسلامی کے امیدواران کی حمایت کے بجائے حلقہ وسطی باغ میں ایک آزاد شخص کو کھڑا کر کے نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی جبکہ جماعت اسلامی نے جہاں جہاں ان کی سپورٹ کی مکمل طور پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تو ان کے بنیادی مسائل حل کر دیں گے ،انہوں نے کہا کہ ہم نے رابطہ عوام مہم شروع کر دی ہے جماعت کی دعوت کو ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد تک پہنچائیں گے اور اپنا پیغام پیش کریں گے تبدیلی چاہنے والے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تا کہ اس فرسودہ نظام کو ختم کر کے یہاں اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام قائم کیا جا سکے ۔