ایک تالی سے کنٹرول ہونے والے سمارٹ کُرسیاں متعارف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 16 فروری 2016 16:15

ایک تالی سے کنٹرول ہونے والے سمارٹ کُرسیاں متعارف

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 فروری 2016ء): سائنس نے انسان کی سہولیات کے لیے متعدد ایجادات کی ہیں کبھی آٹو میٹک گاڑیاں تو کبھی سمارٹ فون۔ لیکن اب جاپان کی ایک کمپنی نے سمارٹ کُرسیاں بھی متعارف کروا دی ہیں۔ کسی بھی دفتر یا ہال میں اگر کُرسیاں بکھری ہوں تو وہ آنے والے مہمانوں کو اچھا تاثر نہیں دیتیں ، ایک بڑے کانفرنس ہال یا آفس میں کُرسیوں کو ان کے ٹھکانوں پر رکھتے رکھتے بہت وقت لگ جاتا ہے ، انسانوں کی اسی مشکل کے پیشٍ نظر جاپان ہی کی ایک کمپنی نے سمارٹ کُرسیاں متعارف کروائی ہیں جو کہ ایک تالی پر ہی اپنی مطلوبہ جگہ کی جانب بڑھ کر ٹھہر جاتی ہیں، ان کی خاصیت یہ ہے کہ انہیں وائی فائی کے ذریعے بھی کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

متعارف کروائی گئی ان کُرسیوں کو ان کی خصوصیت کی بنا پر ”انٹیلی جنٹ پارکنگ چئیر“ کا نام دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جو محض ایک تالی پر ہی بغیر کسی انسانی مداخلت کے ڈیسک کے نیچے خود بخود ہی پارک ہو جاتی ہیں۔ اوکامورا کی جانب سے تیار کی گئی ان کُرسیوں میں چار کیمرے اور ایک ڈیٹیکٹر بھی نصب کیا گیا ہے جنہیں وائی فائی کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے۔

وائی فائی کے ذریعے کنٹرول کرتے ہوئے کُرسی کے پہیوں کو مطلوبہ مقام پر پہنچا دیا جاتا ہے۔ لیکن ایک مایوس کُن بات یہ ہے کہ یہ کُرسیاں برائے فروخت نہیں ہیں بلکہ ان کو Nissan کمپنی کی نئی پارکنگ ٹیکنالوجی کے ایڈورٹائزنگ ٹول کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔ ان کُرسیوں کے مارکیٹ میں آنے تک ہمیں خود ہی اپنی کُرسیوں کو سلیقے سے ڈیسک کے نیچے رکھنا ہو گا۔