راولپنڈی کے ٹیچنگ ہسپتالوں پر دو ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں‘پروفیسر محمد عمر

جمعرات 18 فروری 2016 14:01

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 فروری۔2016ء) شعبہ یورالوجی و رینئل ٹرانسپلانٹیشن کے زیر اہتمام بے نظیرہسپتال راولپنڈی میں یورانکالوجی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں متعدد ملکی و غیر ملکی یورالوجسٹس ، کینسر سپیشلسٹس اور ریڈیالوجسٹس نے شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر ممتارز احمدسربراہ یورالوجی بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی میڈیکل کالج نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ بے نظیربھٹو ہسپتال میں گردے میں پتھری کے جدید علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے بعد اب گردے اور مثانے کے کینسر کے جدید علاج پر توجہ دی جا رہی ہے اور یورو انکالوجی سیمپوزیم اس سلسلے کی اہم کڑی ہے جس میں برطانیہ سے معروف کنسلٹنٹ یوروانکالوجسٹ ڈاکٹر آفتاب بھٹی، بریگیڈیئر اشتیاق احمد قریشی، بریگیڈیئر منظر ذکریا ، ڈاکٹر کامران رشید، ڈاکٹر قاسم محمود ، ڈاکٹر نعیم ضیاء، ڈاکٹر نورین اخترنے خصوصی طور پر شرکت کی۔

(جاری ہے)

سمیپوزیم میں پروفیسر محمد اسلم چوہدری ، پروفیسر رائے محمد اصغر ، ڈاکٹر ذیشان قدیر، ڈاکٹر اشفاق احمد اور راولپنڈی و اسلام آباد کے میڈیکل کالجوں اور ہسپتالوں کے فکلٹی ممبران ، میڈیکل سٹوڈینٹس و نرسنگ سٹاف اراکین بھی سمپوزیم میں شریک ہوئے۔ پرنسپل راولپنڈی میڈیکل کالج پروفیسر محمد عمرنے یورالوجی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ریسرچ کے ساتھ ساتھ علاج کی بہترین سہولیات کی فراہمی پر پروفیسر ممتاز احمد اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ذاتی توجہ سے مریضوں کے علاج معالجے کی سہولیات میں بہتری کے لئے راولپنڈی کے ٹیچنگ ہسپتالوں پر دو ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں، تینوں ہسپتالوں کے ایمر جنسی ڈیپارٹمنٹ کو بہتر بنایا گیا ہے۔ بے نظیر بھٹو ہسپتال میں نئی ایمرجنسی تعمیر کی گئی ہے اور یورالوجی سمیت تمام شعبوں میں نمایاں بہتر ی لائی گئی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ان اقدامات کا مقصد مریضوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا اور نئے آلات کی فراہمی اور ٹریننگ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ پونے تین برسوں میں راولپنڈ ی کے تینوں تدریسی ہسپتالوں میں متعدد ترقیاتی سکیمیں مکمل کی گئی ہیں اور اسی طرح راولپنڈی میڈیکل کالج میں ریسرچ اور نصابی تعلیمی نظام کو بھی عصر تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔

بعد ازاں ، ڈاکٹر آفتاب بھٹی ، ڈاکٹر کمارن رشید ، ڈاکٹر خورشید انور ، ڈاکٹر محمد فرح، ڈاکٹر نورین اختر ، بریگیڈیئر اشتیاق ، ڈاکٹر مصباح، اور ڈاکٹر ایاز احمد خان نے مختلف موضوعات پر تحقیقی مقالے پیش کئے۔ پروفیسر ممتاز احمد نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بے نظیر بھٹو ہسپتال کے شعبہ یورالوجی میں گردے اور مثانے کے علاج کے ایسے جدید طریقے متعارف کرائے گئے ہیں جو کسی اور پبلک سیکٹر ہسپتال میں اس وقت تک ممکن نہیں۔

انہوں نے یورالوجسٹس سمیت دوساز اداروں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا جنہو ں نے اپنی بھر پور شرکت اور تعاون سے سمپوزیم کے مقاصد کے حصول میں مدد دی ۔ انہوں نے ڈاکٹر آفتاب بھٹی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے ریسرچ کے شعبے میں نوجوان یورالوجسٹس کے علم میں اضافہ کیا اور جدید علاج کے طریقوں سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :