آزاد کشمیر کے وزیر خزانہ اور چیئر مین بینک آف آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر کی سربراہی میں وفد کی گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان اشرف وتھراکے ساتھ ملاقات ‘بینک آف آزاد جموں و کشمیر کو شیڈولڈ درجہ دلانے کے پہلو ؤں پر تبادلہ خیال

جمعہ 19 فروری 2016 15:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 فروری۔2016ء) آزاد جمو ں و کشمیر کے وزیر خزانہ اور چیئر مین بینک آف آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر کی سربراہی میں ایک وفد نے گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان محمد اشرف وتھراکے ساتھ ملاقات کی ۔ ملاقات میں بینک آف آزاد جموں و کشمیر کو شیڈولڈ درجہ دلانے کے تمام پہلو زیر بحث لائے گئے۔ملاقاتی وفد میں بینک بورڈ کے ڈائریکٹر چوہدری محمد سعید اورمنیجنگ ڈائریکٹر فضل الرحمان بھی شامل تھے۔

اجلاس میں بینک آف آزاد جموں و کشمیر کو شیڈولڈ درجہ دینے سے متعلق تمام معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ گورنر سٹیٹ بینک نے ارکان وفد کی گفتگو دلچسپی سے سنی ۔ انہوں نے سٹیٹ بینک میں ایک فوکل پرسن کو نامزد کر دیا ۔ جو وزارت خزانہ حکومت پاکستان، آزاد کشمیر حکومت، آزاد کشمیر کونسل اور بینک آف آزاد جموں کشمیر کے درمیان رابطہ کارکے طور پر کام کرے گاتاکہ بینک کو درکار قانونی، آپریشنل اور کیپٹل لوازمات کو طے کرنے میں آسانیاں پیدا ہوں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سٹیٹ بینک کے دائرہ کار کو آزاد کشمیر تک وسعت دینے کے لئے سہ فریقی یاداشت مفاہمت کا مسودہ تیار کیا جائے گاجس کی روشنی میں سٹیٹ بینک آزادریاست میں بھی بہتر طور پر نگران کا کردار ادا کرسکے۔ آزاد کشمیر میں کام کرنے والے کمرشل بینکوں کی جانب سے خطے میں قرضہ جات دینے سے گریز کا معاملہ بھی اجلاس میں اٹھایا گیا۔

جس پر گورنر نے اسے حل کرنے کے لئے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ بینک آف آزاد جموں وکشمیر کے چیئر مین نے اجلاس کو انتہائی نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے بینک کو شیڈولڈ درجہ دینے سے متعلق سٹیٹ بینک کے مثبت ردعمل کو سراہااور کہا کہ گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان بھی بینک آف آزاد جموں و کشمیر کو شیڈولڈ بینک کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔