دنیاپور کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی مال بردار گاڑی کی پانچ بوگیاں انجن سمیت پٹڑی سے نیچے اتر گئیں،حادثہ ڈرائیور کی غفلت سے پیش آیا ، ٹرین ڈرائیور اور فائر مین کو معطل کر دیا گیا ،کئی گھنٹے گزر نے کے باوجود ٹریک چالو نہ ہوسکا

ہفتہ 20 فروری 2016 18:49

دنیاپور کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی مال بردار گاڑی کی پانچ بوگیاں ..

دنیاپور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20فروری۔2016ء) دنیاپور کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی مال بردار گاڑی کی پانچ بوگیاں انجن سمیت پٹڑی سے نیچے اتر گئیں ذرائع کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت سے پیش آیا ۔ ٹرین ڈرائیور و فائر مین کو معطل کر دیا گیا ۔ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود ٹریک چالو نہ ہو سکا۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز صبح ساڑھے نو بجے کے قریب دنیاپور سے 10کلومیٹر دور قطب پور ریلوے اسٹیشن کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی مال بردار گاڑی کے پی 105 کا ڈرائیور سنگلز کا جائزہ نہ لے سکا اور گاڑی کو لوپ لائن پر روکنے میں ناکام ہو گیا جس کے باعث گاڑی کی پانچ بوگیاں انجن سمیت پٹڑی سے نیچے اتر گئیں ۔

حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ٹرین ڈرائیور رفیق صابر نے صحافیوں کو بتایا کہ میں نے اسٹیشن ماسٹر کو بتایا کہ مجھے سنگلز کا اشارہ نہیں مل رہا مثبت جواب نہ ملنے پر حادثہ ہو گیا۔

(جاری ہے)

ادھر ڈیوٹی پرموجود اسٹیشن ماسٹر قطب پور محمد سجاد گجر نے بتایا کہ ڈرائیور نے غفلت کا مظاہرہ کیا ہے ۔ اطلاع ملنے پر ڈی ایس پاکستان ریلوے ملتان ظفر اللہ کلوڑ اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ۔

ٹرین ڈرائیور و فائر مین کو فوری طور پر معطل کر تے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ انہوں نے بتایا کہ سمہ سٹہ اور خانیوال سے امددی ٹرینیں منگو ا لی گئی ہیں ۔ دو تین گھنٹے تک گاڑیوں کی آمدورفت شروع ہو جائے گی۔ ریلوے حکام کے مطابق واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین کو دوبارہ ٹریک پر لانے کے لیے کاروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ حادثے کی شکار ٹرین کی چار بوگیاں چاولوں سے لوڈ تھیں۔ آخری اطلاعات تک ریلوے لائن پر گاڑیوں کی آمدورفت شروع نہ ہو سکی تھی۔

متعلقہ عنوان :