ملک کو دہشت گردوں ، کرپشن اور دو بڑی جماعتوں کی اقربا پروری اور لوٹ مار سے بچانا ہوگا، محمد طاہر کھوکھر

منگل 23 فروری 2016 16:19

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 فروری۔2016ء) آزادکشمیراسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر محمد طاہر کھوکھرنے کہاہے کہ الطا ف حسین ملک کے واحد لیڈرہیں جنہوں نے ملک کے جاگیردارانہ ، وڈیرانہ نظام کو چیلنج کیا ، موروثی سیاست کا عملی طو رپر خاتمہ کرکے دکھایا اور غریب و متوسط طبقے کے نوجوانوں کو ملک کے منتخب ایوانوں میں بھیجا لیکن افسوس کہ الطا ف حسین کی زباں بندی کی گئی ہے ، ان کے بیانات کو روکاجارہاہے ، تصاویر دکھائی نہیں جارہی ہے جس کے باعث کروڑوں عوام کی حق تلفی کی جارہی ہے اور عوام کو اس حق سے محروم رکھا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ الطاف حسین وہ لیڈر ہیں جن کے نام پر سندھ اسمبلی میں 51ایم پی ایز ، قومی اسمبلی میں 24ایم این ایز اور سینیٹ میں 8سینیٹراور آزادکشمیر اسمبلی میں2حق پرست ایم ایل اے موجود ہیں اور الطاف حسین کی سیاسی اور عوامی مقبولیت سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا ہے اور ایسے عوامی لیڈر کے بیانات اور تصویر پر پابندی ہے جو کہ سراسر انسانی حقوق اور آئین کی خلاف ورزی ہے اور اس کے ذریعے ملک کے آئین کے آرٹیکل 19کی دھجیاں اڑائی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جب مسلح افواج نے دہشت گردوں کے خلاف ضرب عضب شروع کیا تو الطاف حسین نے پاک فوج کا بھر پور ساتھ دیا اور سب سے بڑی ریلی آرمی کی حمایت میں نکالی اور اس کے ساتھ الطاف حسین ملک میں امن کا پیغام دے رہے ہیں ، الطاف حسین نے ملک میں آنیوالی آفات اور زلزلوں میں تمام کارکنان کو متحرک کیا اور متاثرین کی عملی مدد کی الطاف حسین ملک کی سیاست میں تبدیلی لائے اور غریب ومتوسط طبقے کی قیادت کو اسمبلیوں میں بھیجا اور پارلیمنٹ کی عملی طو رپر شکل بدل کررکھ دی ۔

انہوں نے کہاکہ اگر ملک کو دہشت گردوں اور کرپشن اور دو بڑی جماعتوں کی اقربا پروری اور لوٹ مارسے بچانا ہے تو الطاف حسین پر عائد پابندی فی الفور ختم کی جائے اور جس طرح سے دیگر لوگ اپنے لیڈر کو دیکھ اور سن رہے ہیں اسی طرح الطاف حسین کو بھی اظہار رائے کی آزادی آئین کے مطابق ملنی چاہئے ۔ الطا ف حسین کی تحریر ، تقریر اور تصویر پر عائد غیر جمہوری اور غیر آئینی نہیں ہے ، الطا ف حسین کا پیغام پاکستان کے کونے کونے میں پہنچ چکا ہے ، عوام ایم کیو ایم اور الطاف حسین کو چاہتی ہے ،ایم کیو ایم کو عوام کے ووٹ بینک اور حمایت حاصل ہے مگر جاگیردار اور ملک کے مورثی سیاستدان ،ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں وہ غریب عوام اور ان کے قائد پر زبان بندی لگائی گئی تاکہ عوام کو ان مورثی سیاستدانوں کے کی اصلیت سامنے نہ آئے ،انہوں نے کہا ملک بھر کے غریب مظلوم عوام کے واحد لیڈر الطاف حسین ہیں جو مظلوم عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :