حکومت نے ڈیفنس پلاننگ سے متعلق سنسرشپ کمیٹی کو 18سال بعد بحال کردیا‘ کمیٹی کا دائرہ کارالیکٹرانک میڈیا تک بڑھانے کا فیصلہ

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 24 فروری 2016 22:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 فروری۔2016ء) حکومت نے ڈیفنس پلاننگ سے متعلق سنسرشپ کمیٹی کو 18سال بعد بحال کردیاہے۔ سنسرشپ کمیٹی نے دائرہ کارالیکٹرانک میڈیا تک بڑھانے کا فیصلہ کیاہے۔ڈیفنس پلاننگ کی سنسرشپ کمیٹی کا اجلاس 18سال بعد دسمبر2015 ء میں منعقد ہوا، دستاویزات کے مطابق ڈیفنس پلاننگ کی سنسرشپ کمیٹی کا دائرہ کارالیکٹرانک میڈیا تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

ریڈیو اور ٹی وی چینلز کی طرف سے دیئے گئے ایئر ٹائم پر نشرہونے والے غیر ملکی پروگراموں کو مانیٹر کیا جائے گا، اس سلسلے میں مو ثر نظام وضع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے اپنی تشکیل کا جائزہ لینے کا فیصلہ بھی کیا تاکہ کمیٹی میں متعلقہ اداروں کے حکام شامل ہوسکیں۔ کمیٹی میں سویلین، ملٹری اور سیکیورٹی ایجنسی سے تعلق رکھنے والے حکام شامل ہوں گے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر سی سی ڈی پی میں یکسانیت رکھی جائے گی تاکہ سنسرشپ کی ریگولیشن اور ضابطے کا ایک متفقہ میکنزم تشکیل دیا جاسکے۔کمیٹی نے18ویں ترمیم کے بعدسینٹرل بورڈ آف فلمز سنسرز کے سنسرشپ کوڈمیں کی جانے والی ترامیم اور مجوزہ تبدیلیوں کا بھی جائزہ لیا۔ کمیٹی کی سفارشات متعلقہ محکموں تک پہنچا دی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :