پاکستان کی قومی ومعاشی ترقی ، عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے میں تارکین وطن مقیم برطانیہ کا کلیدی کردار ہے، محمد افسر شاہد

ہاؤس آف لارڈز پارلیمنٹ اور برطانیہ کی ڈسٹرکٹ و سٹی کونسلوں میں ہمارے ہم وطن نمائندے سرمایہ افتخار ہیں ،مثالی خدمات پر فخر ہے ، وزیر اوقاف آزاد کشمیر

جمعرات 25 فروری 2016 16:37

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) آزادکشمیر کے وزیر اوقاف و مذہبی امور محمد افسر شاہد نے کہا ہے کہ مملکت خداداد پاکستان کی قومی ومعاشی ترقی اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے تارکین وطن مقیم برطانیہ کا کلیدی کردار ہے ۔ہاؤس آف لارڈز پارلیمنٹ اور برطانیہ کی ڈسٹرکٹ و سٹی کونسلوں میں ہمارے ہم وطن نمائندے سرمایہ افتخار ہیں اور ہمیں ان کی مثالی خدمات پر فخر ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے حاجی چوہدری گل داد سابق کونسلر آف جاوا (ڈڈیال)کی طرف سے مئیر ہائی ویکمب (برطانیہ )کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کے مہمان خصوصی حاجی محمد حنیف مئیر تھے ۔تقریب سے تارکین وطن کے ممتاز سماجی راہنما حاجی چوہدری عبدالجبار ،سیکرٹری جنرل شہدائے لندن میموریل سوسائٹی کے ڈی چوہدری اور مہمان خصوصی نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

عشائیہ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر چوہدری محمد ایوب ،تحصیلدار موسیٰ خان ،نمبردار چوہدری محمد اشرف،وحید ثانی ،ڈاکٹر عبدالمالک ،چوہدری کرامت علی ،راجہ محمد انوار،پی آراو شبیر حسین ،حاجی محمد صابر،حاجی محمد ابراہیم،چوہدری لیاقت علی ،انجمن تاجراں ڈڈیال کے صدر حاجی محمد خلیل،قاری فضل دار،چوہدری مشاق احمد کے علاوہ معززین علاقہ اور برطانیہ سے آئے ہوئے سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی ۔

وزیر اوقاف افسر شاہد نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم تارکین وطن کی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مثالی گراں قدر خدمات ہیں وہ اپنی محنت سے کروڑوں روپے زرمبادلہ بھیج کر معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں اور اپنی محنت اور کاروبار کے علاوہ برطانوی اداروں میں حق نمائندگی بھی ادا کر رہے ہیں مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی ان کا کلیدی کردار ہے ۔

مہمان خصوصی حاجی محمد حنیف مئیر آف ہائی ویکمب (برطانیہ )نے کہا کہ ہم نے رات دن محنت کر کے ملک و قوم کا نام روشن کرنے کے لیے دیار غیر میں مشترکہ کاوشیں کی ہیں ۔ہم کشمیر ،پاکستان کے علاوہ برطانیہ کی ترقی میں بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے اجتماعی طور پر کام کیا جائے اور باہم بھائی چارے کی فضا قائم کر کے اسلامی فلاحی معاشرہ کی تشکیل کے لیے سب کو کام کرنا ہوگا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ڈی چوہدری نے کہا کہ ڈڈیال کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ مئیر ہائی ویکمب کا تعلق اسی علاقہ سے ہے اس سے قبل محبوب بھٹی ،چوہدری عبدالرشید ،عجائب خان فضل ،شفیق شاہ و دیگر برطانیہ کی کونسلو ں کے مئیر رہ چکے ہیں اور ممبر پارلیمنٹ خالد محمود مرزا کا تعلق بھی ڈڈیا ل سے ہے ۔انھوں نے کہا کہ حق نمائندگی کے اعتبار سے ڈڈیال کے لوگوں نے ہمیشہ قائدانہ کردار ادا کیا ہے ۔