میرپور بین الاقوامی اہمیت کا حامل آزادکشمیر کا سب سے بڑا شہر ہے ، حاجی محمد حنیف میئر ہائی ویکمب

کثیر المقاصد منگلا ڈیم ،بیرون ملک تارکین وطن بارے شہر کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے ،شہریوں کو درپیش مسائل اولین فرصت میں حل کئے جانے چاہئیں، استقبالیہ سے خطاب

جمعہ 26 فروری 2016 15:02

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 فروری۔2016ء) ہائی ویکمب برطانیہ کے مئیر حاجی محمد حنیف نے کہا ہے کہ میرپور بین الاقوامی اہمیت کا حامل آزادکشمیر کا سب سے بڑا شہر ہے کثیر المقاصد منگلا ڈیم اور بیرون ملک تارکین وطن کے حوالہ سے اس شہر کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے ۔بیرون ملک برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک میں مقیم تارکین وطن کی کثیر تعداد کا تعلق اس شہر سے ہے جو اربوں روپے زرمبادلہ بھیج کرپاکستان کی قومی و معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں لیکن اپنے شہر میں سڑکوں کی شکستہ حالی ،پانی و بجلی کی ترسیل میں رکاوٹیں ،تعلیمی اداروں کی حالت زار اورسرکاری اداروں و محکموں کے ناروا سلوک نے بیرون ملک نئی نسل کو ذہنی طور پر مفلوج بنا کر رکھ دیا ہے لہٰذا میرپور کے شہریوں کو درپیش مسائل اولین فرصت میں حل کئے جانے چاہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاؤن ہال میرپور میں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور خواجہ ساجد محمود پہلوان کی طرف سے اپنے وفد کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

برطانوی وفد میں حاجی چوہدری عبدالجبار اور محمد سعید مغل چیئر مین مغل فاؤنڈیشن ،ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر چوہدری بابر شہزاد ،ممتاز دانشور پر وفیسر نذیر تبسم ،خواجہ ظفر اقبال ایڈووکیٹ ،شعیب کھوکھر،تنویر الحسن،ظہیر جرال ،ظفر مغل ،ارشد بٹ ،اور دیگر ،معززین شہر اور کارپوریشن آفیسران بھی موجود تھے۔سیکرٹری جنرل شہدائے لندن میموریل سوسائٹی کے ڈی چوہدری نے میئر ہا ئی و یکمب اور ان کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے انھیں بلدیہ اعلیٰ کے دورہ پر خو ش آمدید کہا اور تارکین وطن کی قومی و ملی خدمات پر روشنی ڈالی۔

حاجی محمد حنیف میئر ہائی ویکمب نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی قومی ترقی میں تارکین وطن کا بالعموم اور اہل میرپور کا بالخصوص بنیادی کردار ہے اور ہمارا یہ شہر بین الاقوامی سطح پر بڑی اہمیت کا حامل ہے لیکن یہاں سڑکوں کی خستہ حالی ،بجلی کی لوڈشیڈنگ پانی کی عدم فراہمی ،تعلیمی اداروں کی حالت زار اور سرکاری اداروں و محکموں کے اندر شہریوں کے ساتھ ناوراسلوک نے بیرون ملک مقیم نئی نسل میں کئی سوالات جنم دیئے ہیں لہٰذا اہل میرپور کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہونے چائیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئندبات ہے کہ تارکین وطن میں قومی درد بدرجہ اتم موجود ہے اور وہ وطن کی محبت میں سب کچھ قربان کردینا عین ایمان سمجھتے ہیں۔ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کا رپوریشن خواجہ ساجد پہلوان نے میرپور شہر کی تاریخی اہمیت اور تہذیب وثقافت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم اس شہر کی پچاس سالہ گولڈن جوبلی تقریبات کا اہتمام کر رہے ہیں ۔

جن میں شہریوں کو تفریح کے مواقع مہیا کرنے کے علاوہ اس شہر کی تاریخ جغرافیہ لوگوں کی قربانیوں ،تارکین وطن کی خدمات ،سیاسی سماجی روحانی اور قومی سطح پر خدمات سرانجام دینے والے زعماء کے مثالی کر دار کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔انہوں نے وفد کو بتایا کہ میرپور آزاد کشمیر کا سب سے بڑا شہر ہے اور بلدیاتی اداروں میں میونسپل کارپوریشن میرپور سب سے بڑا ادارہ ہے جو اپنے وسائل سے مقدور بھر خدمات سر انجام دے رہا ہے ۔

خواجہ ساجد پہلوان نے بتایا کہ بلدیہ میرپور اور برطانیہ کے کئی بلدیاتی اداروں کے ساتھ باہم دوستی کے معائدے کئے گئے تھے لیکن انھیں بوجہ پروان نہیں چڑھایا جا سکا ۔انہوں نے کہا کہ میں ازخود برطانوی شہریت کا حاصل ہوں میری ایک سالہ خدمات شہریوں کے سامنے ہیں ۔وزیراعظم آزادکشمیر کے مشیر برائے اوورسیز محمد سعید مغل نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہم پاکستان کی ترقی خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گئے شعیب کھوکھر نے اس ضرورت پر زور دیا کہ میرپور بلدیہ اور ہائی ویکمب کو نسل کے مابین دوستی کا معائدہ کیا جائے ۔آخر میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ خواجہ ساجد محمود پہلوان نے میئر ہائی ویکمب حاجی محمد حنیف کو اپنے ادارے کا نشان(شیلڈ)پیش کی ۔

متعلقہ عنوان :