پنجاب حکومت نے بھارت میں پٹھان کوٹ حملے کی انکوائری کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ‘نوٹیفکیشن جاری

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 26 فروری 2016 19:24

پنجاب حکومت نے بھارت میں پٹھان کوٹ حملے کی انکوائری کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ..

لاہور(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26فروری۔2016ء) پنجاب حکومت نے بھارت میں پٹھان کوٹ ائیر بیس پر ہونے والے حملے کی انکوائری کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ یہ پانچ رکنی ٹیم محکمہ انسداد دہشتگردی اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کے حکام پر مشتمل ہے19 فروری کو گجرانوالہ کے انسدادِ دہشتگردی کے تھانے میں پٹھان کوٹ میں حملے کے واقعے کی ایف آئی آر ایک کالعدم تنظیم کے نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی تھی۔

پنجاب کے محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب کے انسدادِ دہشتگردی فورس کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل محمد طاہر رائے اس ٹیم کے کنوینر ہوں گے۔ سول انٹیلیجنس ایجنسی آئی بی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عظیم ارشد، انٹرسروسز انٹلیجنس ایجنسی کے لیفٹیننٹ کرنل تنویر احمد، ملٹری اینٹلیجنس کے لیفٹیننٹ کرنل عرفان مرزا اور محکمہ انسداد دہشتگردی گجرانوالہ کے انسپکٹر شاہد تنویر کو اس کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نوٹیفیکیشن کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم گجرانوالہ میں 19فروری کو درج کی گئی ایف آئی آر کی تحقیقات کرے گی۔یہ ایف آئی آر وفاقی وزارت داخلہ کے ڈپٹی سیکرٹری اعتزازالدین نے درج کروائی تھی جس میں قتل اقدامِ قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئیں تھیں۔