ترکی میں ٹرک ڈرائیور نے صدر کی توہین کرنے کے الزام میں اپنی ہی بیوی کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا

جمعہ 26 فروری 2016 19:37

ترکی میں ٹرک ڈرائیور نے صدر کی توہین کرنے کے الزام میں اپنی ہی بیوی ..

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 فروری۔2016ء) ترکی میں ایک ٹرک ڈرائیور نے صدر طیب اردوگان کی توہین کرنے کے الزام میں اپنی ہی بیوی کے خلاف مقدمہ قائم کرا دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکی کے شہر ازمیر میں رہنے والے ٹرک ڈرائیور علی نے صحافیوں کو بتایا کہ جب بھی صدر طیب اردوگان ٹی وی پر نظر آتے تو ان کی بیوی گلشن 'ناقابل بیان گالیاں' دیتی۔

کچھ روز قبل جب طیب اردگان کی تقریب ٹی وی پر نشر ہوئی تو میں نے گلشن کو متنبہ کیا کہ وہ صدر کو برا بھلا نہ کہیں ، لیکن اس کے باوجود گلشن نے ایسا ہی کیا اور یہاں تک کہ چینل بھی بدل دیا۔اس تنازع میں ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے گلشن نے بھی علی سے کہا کہ اگر اسے یہ سب برا لگتا ہے تو وہ 'اس چیز کو ریکارڈ کرے اور جا کر شکایت درج کروائے۔

(جاری ہے)

اس پر علی نے ایسا ہی کیا اور 'صدر کی توہین کو بطور ثبوت ریکارڈ کیا اور جا کر شکایت درج کروا دی'۔

علی کے مطابق ترک صدر طیب اردوگان ایک اچھے انسان ہیں اور انہوں نے ملک کے لیے اچھے کام کیے ہیں۔ایک ترک اخبار کوانٹرویو میں علی کا کہنا تھا کہ 'اگر صدر کی توہین میرے والد بھی کرتے تو میں معاف نہ کرتااور ان کے خلاف بھی شکایت درج کرواتا۔ترکی میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی کئی بلاگرز، صحافیوں، اسکالرز اور عام شہریوں کو طیب اردوان کی توہین کرنے کے الزام میں جیل بھیجا جا چکا ہے۔گزشتہ ماہ ، طیب اردوگان نے'ڈکٹیٹر' کہنے پر قائد حزب اختلاف کے خلاف 32 ہزار ڈالر ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :