خطہ کشمیر سے بیروزگار ی کاخاتمہ ٹیکنیکل تعلیم سے کیاجائیگا،شاہ غلام قادر

ہفتہ 27 فروری 2016 16:16

مظفرآباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 فروری۔2016ء) آزادکشمیر کے قانون سازاسمبلی کے سابق سپیکر وسیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن آزادکشمیر شاہ غلام قادر نے کہاہے کہ خطہ کشمیر سے بیروزگار ی کاخاتمہ ٹیکنیکل تعلیم سے کیاجائیگا،غریب امیر کابیٹا یکساں نصاب اور نظام تعلیم سے مستفید ہوگا ،محکمہ تعلیم سے میرٹ کی پامالی ختم کرکے اہل اور اعلیٰ تعلیم یافتہ امیدواروں کو ترجیح بنیادوں پر روز گار کے مواقعے فراہم کیئے جائیں گے ، پنجاب طرز پر آزادکشمیر کانظام تعلیم بہتر بنائیں گے ، ذہین طلبہ وطالبات کے لیے وظائف او روسائل مہیا کیئے جائیں گے ،بلاتخصیص طلبہ کو سکالر شپ کے علاوہ خطہ بھر کے تعلیمی اداروں کے معیار کوبہتر بنانے کیساتھ ساتھ سفری سہولت کیلئے بسیں فراہم کرینگے ، آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کے اقتدار میں آنے سے صحت اور تعلیم سے کوئی مستحق محروم نہیں رہے گا۔

(جاری ہے)

شاردہ یونیورسٹی کی تاریخی حیثیت کی بحالی میرا اولین مشن ہے۔ایکسپریس وے کی تعمیر سے نیلم کی سیاحت اور شہریوں کو سہل سفری سہولت مہیا ہونگی ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز نیلم سٹوڈنٹس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ تعلیم تمام اداروں کی ماں کی حیثیت رکھتاہے، محکمہ تعلیم کوکرپشن ، رشوت ، اقرباء پروری ، ٹھیکیدار ی اور آن ڈیوٹی سسٹم سے پاک کرکے نسل نو کیلئے بہترین درسگائیں قائم کرینگے ، وزیر تعلیم سکولز نے ایجوکیشن پیکیج کے نام پر عوام کو تاریخی فراڈ میں ڈالا جو 5 سالوں سے حلقہ نیلم میں ایک پرائمری سکول تک نہیں قائم کرسکا، وہ تعلیمی پیکیج کاجھانسہ دیکر نسل نو کو بے راوری پرنہ ڈالیں ، نیلم کے نوجوان نوکریوں کے لیے رشوت نہ دیں مسلم لیگ ن کے دورے اقتدار میں نیلم میں سینکڑوں مختلف میگاپراجیکٹس لگائیں گے جس سے اہل نیلم خطہ بھرمیں نوکریوں بانٹتے پھریں گے ،وادی نیلم نصف صدی کے بعد تبدیلی کی جانب جارہاہے۔

پسماندگی کااندھیراجھٹنے والا ہے ۔5سالوں سے مسلسل نیلم کے عوام کے حقوق کااستحصال کرنیوالے اب عوام کومزید بیوقوف نہیں بناسکتے ، وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف کی آزادکشمیر سے دلچسپی خطہ کی ترقی میں معاون ثابت ہوگی ۔ اس موقع پر ایم ایس ایف نیلم کے صدر سید آفاق حیدر ، یوتھ جنرل سیکرٹری راجہ راشد بصیر ،طاہر علی کاظمی ، عدالغنی نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :