اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کو بھارت کو منفی ہتھکنڈوں سے روکنا ہوگا ،چوہدری عبدالمجید

بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ملٹری کیمپ میں بدل رکھا ہے،انسانیت کا پرچار کرنے والے مہذب ممالک ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کے قتل و غارت کو بند کروائیں،کبھی بھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا ،وزیراعظم آزادکشمیرکی پارٹی راہنماؤں اور مختلف وفود سے بات چیت

ہفتہ 27 فروری 2016 17:24

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 فروری۔2016ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ کشمیری طلباء پر تشدد ، طلباء پر مقدمات کے اندراج اور کشمیری حریت قیاد ت کی گرفتاریوں پر اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کو بھارت کو منفی ہتکھنڈوں سے روکنا ہوگا ورنہ جنوب ایشیاء کا امن مستقل خطرات کی زد میں ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ ریاست کے عوام بھارتی ہتکھنڈوں پر سراپا احتجاج ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ملٹری کیمپ میں بدل رکھا ہے اور پوری وادی کو کشمیریوں کے خون سے لہو لہان کر رکھا ہے بھارت کے انتہا پسند حکمران انسانیت کے قاتل ہیں ۔انسانیت کا پرچار کرنے والے مہذب ممالک ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کے قتل و غارت کو بند کروائیں ۔

(جاری ہے)

تحریک آزادی کشمیر ہمارے ایمان کا حصہ ہے جس پر ریاست کی تمام سیاسی قیادت میں باہمی اتفاق ہے پیپلزپارٹی کی موجودہ حکومت نے آزادکشمیر میں مثالی تعمیر و ترقی کے اہداف حاصل کیے ہیں ۔عوام کے حقوق کا استحصال کرنے والے ماضی کے حکمران پیپلزپارٹی کا راستہ روک نہیں سکتے آزادکشمیر میں تعلیم ،ذرائع رسل و رسائل ،لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پیپلزپارٹی کی قیادت کے ویژن اور عوامی خدمت کا سفر جاری ہے ۔

ہم پارٹی ویژن کے مطابق عوام کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے کی تکمیل کر رہے ہیں جس سے مفاد پرست سیاستدانوں اور مصنوعی بیساکھیوں کے سہارے اقتدار کے خواب دیکھنے والوں کی حسرتیں دم توڑ رہی ہیں اور انھیں پیپلزپارٹی فوبیا ہوگیا ہے ۔ عوام کا استحصال کرنے والی جماعتیں پی پی پی کارکردگی سے خوفزدہ ہے ۔ پیپلزپارٹی عوامی فلاح وبہبود کی محافظ ہے عوامی حقوق پر کسی کو بھی ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے ہماری جماعت نے کبھی بھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ ہی اقتدار کی خاطر ہم نے ریاستی تشخص کو پامال کیا اور غریبوں اور ناداروں کے حقوق بیچے ۔

پیپلزپارٹی کی حکومت عوامی حقوق پر کبھی بھی کمپرومائز نہیں کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیرا عظم ہاؤس میں پارٹی راہنماؤں اور مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر قائمقام ڈپٹی کمشنر چوہدری حق نواز ، ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم، ڈی جی ادارہ ترقیات چوہدری جاوید اقبال، ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل چوہدری مشتاق ،اسسٹنٹ کمشنر راجہ قیصر اورنگزیب ،چیف انجینئر شجاع جلیل ،پیپلزپارٹی کے راہنماؤں چوہدری فرید انور ،راجہ خلیل یوسف ،ریاست تبسم،افتخار احمد راجہ ،صغیر جاگل کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے ۔

وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ لینڈ مافیا اور استحصالی کلچر کا خاتمہ کر دیا ہے ۔برادریوں اور علاقوں کے نام پر سیاست کرنے والے ماضی کا قصہ بن چکے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی بھرپور سیاسی قوت کے طور پر انتخابات میں حصہ لے گی ہم انشاء اﷲ اپنی کارکردگی کی بنا پرغالب اکثریت سے دوبارہ حکومت بنائیں گے ۔انھوں نے کہا کہ بیساکھیوں کے سہارے اقتدار کے خواب دیکھنے والوں کو عوام جان چکے ہیں الیکشن میں ان کا حشر عبرتناک ہوگا انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت آئین و قانون کی محافظ ہے ریاستی تشخص کی امین ہے۔ریاستی عوام کے حقوق کا دفاع کریں گے اور ریا ستی عوام کی عزت نفس کو نیلا م نہیں ہونے دیں گے ۔