جیلوں میں نظربند حریت پسند وں پر کشمیری قوم بجا طور پرفخر کر سکتی ہے، شبیر ڈار

پیر 29 فروری 2016 14:01

سرینگر ۔ 29 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 فروری۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما شبیر احمد ڈار نے مختلف جیلوں میں بر سہابرس سے نظربندکشمیری حریت پسندوں کے عزم و حوصلے کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ لوگ حقیقتاً ضمیر کے قیدی ہیں اور ایک اعلیٰ مقصد کی خاطر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد ڈار نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ جیلوں میں نظربند حریت پسند تحریک آزادی کا ایسا سرمایہ ہے جن پر قوم بجا طور پرفخر کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تہاڑ جیل میں نظربند مظفرا حمد ،طارق احمد ڈار ،محمد صدیق اور دیگر درجنوں حریت پسندکشمیریوں کے ساتھ روا رکھے جارہے ناروا سلوک کی شدید مذمت کی ۔ شبیر ڈار نے کہاکہ قیدیوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے کواپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے نظربند کشمیریوں کی فوری رہائی کیلئے اقدامات کرنے چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی جیلوں میں نظر بند حریت رہنمامسرت عالم بٹ، ڈاکٹر قاسم، ڈاکٹرمحمد شفیع شریعتی ، غلام قاد ربٹ اور سینکڑوں دیگر حریت پسند صبر و استقامت کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔