پاکستان بیورو آف شماریات کی گورننگ کونسل میں تمام صوبوں کو نمائندگی حاصل ہے

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کا ایوان بالا میں جواب

پیر 29 فروری 2016 22:20

اسلام آباد ۔ 29فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 فروری۔2016ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ پاکستان بیورو آف شماریات کی گورننگ کونسل میں تمام صوبوں کو نمائندگی حاصل ہے اور یہ ممبران میرٹ پر تعینات کئے گئے ہیں۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران انہوں نے منصفانہ اور شفاف مردم شماری 2016ء کے انعقاد کے لئے پاکستان بیورو آف شماریات کے بورڈ آف فنکشنل اورگورننگ کونسل میں سندھ‘ بلوچستان‘ خیبر پختونخوا اور فاٹا کی نمائندگی یقینی بنانے پر بحث سمیٹتے ہوئے کہا کہ حکومت اس معاملے پر آئین کے مطابق عمل کر رہی ہے۔

گورننگ کونسل میں تمام صوبوں سے ممبران شامل کئے گئے ہیں جوکہ صرف میرٹ پر تعینات کئے گئے۔ سینیٹر نہال ہاشمی نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ مردم شماری اس لئے ضروری ہے کہ اس سے مستقبل کی منصوبہ بندی کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

2008ء میں مردم شماری بلاوجہ ملتوی کی گئی۔ گزشتہ مردم شماری اور خانہ شماری کے دوران سندھ میں بے قاعدگیاں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی صوبہ چھوٹا نہیں سب صوبے ہمارا حصہ ہیں۔

سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ اس سے پہلے 1998 ء میں بھی ہماری حکومت نے ہی مردم شماری کرائی۔ 2008ء میں مردم شماری کرانا لازمی تھی لیکن نہیں کرائی گئی۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پاٹی نے اپنے دور حکومت میں کتنے ترقیاتی کام کرائے اور کتنے اداروں کو بہتر کیا۔ اب بھی ہم ہی مردم شماری کرائیں گے۔ ہم کالجز اور سکولز بنا رہے ہیں اور اقتصادی راہداری صنعتی زون بنا رہے ہیں۔ ہم پی آئی اے کو ٹھیک کر رہے ہیں۔ صحت کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں‘ انہیں اپنے کئے پر شرمندگی کااظہار کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :