پیپلز فریڈم لیگ کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کی گرفتاریوں کی مذمت

منگل 1 مارچ 2016 15:20

سرینگر ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم مارچ۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ نے وادی کشمیر کے چاروں اطراف خاص طورپر ضلع شوپیاں میں نوجوانوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کو ایک پولیس اسٹیٹ میں تبدل کردیا گیا ہے اور بے قصور نوجوانوں کوجھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی پولیس حریت قائدین ،کارکنوں اور عام نوجوانوں کو عقوبت خانوں میں ڈال کر موجودہ تحریک آزادی کو کمزور کرنا چاہتی ہے جو کبھی ممکن نہیں ہے ۔رمضان خان نے تمام گرفتار نوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت تحریک آزادی کو دبانے میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا اور تحریک آزادی کشمیر مقصد کے حصول تک جاری رہے گی۔