جلا ل آباد میں بھارتی قونصل خانے پرحملے میں پاکستان ملوث ہے، سابق افغان صدر کا الزام

پاکستان کو جب بھی موقع ملتا ہے وہ افغانستان میں بھارت کی تنصیبات کو نشانہ بناتا ہے ،بھارت ، افغان تعلقات حملوں کا ہدف ہیں ،پاکستان کی طرف سے ہونے والی دہشتگردی پاک افغان تعلقات کے درمیان مسائل کی واحد وجہ ہے افغانستان میں جو بھی حملے ہوتے ہیں وہ سرحد پار سے پاکستان کی جانب سے کیے جاتے ہیں حامد کرزئی کا بھارتی اخبار ’’دی ہندو ‘‘ کو انٹرویو

جمعرات 3 مارچ 2016 21:53

جلا ل آباد میں بھارتی قونصل خانے پرحملے میں پاکستان ملوث ہے، سابق افغان ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مارچ۔2016ء ) بھارت نواز سابق افغان صدر حامد کرزئی نے جلا ل آباد میں بھارتی قونصل خانے پرحملے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو جب بھی موقع ملتا ہے وہ افغانستان میں بھارت کی تنصیبات کو نشانہ بناتا ہے ،پاکستان کی طرف سے ہونے والی دہشتگردی پاک افغان تعلقات کے درمیان مسائل کی واحد وجہ ہے، افغانستان سرزمین پر ہونے والے تمام حملے سرحد پار سے پاکستان کی جانب سے کیے جاتے ہیں۔

بھارتی اخبار ’’د ی ہندو‘‘ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں حامد کرزئی نے الزام لگایا کہ جلال آباد میں بھارتی قونصل خانے پرگزشتہ روز ہونے والا حملہ پاکستان کی طرف سے ہونے والے حملوں کے ایک رجحان کا حصہ ہے ۔

(جاری ہے)

کرزئی نے کہاکہ پاکستان کو جب بھی موقع ملتا ہے وہ افغانستان میں بھارت کی تنصیبات کو نشانہ بناتا ہے ۔بھارت اور افغان تعلقات حملوں کا ہدف ہیں ۔

سابق افغان صدر نے کہا کہ افغانستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں ایسا کیا ہے کہ جو کسی کو اتنا مشتعل کردیتا ہے کہ وہ آکر بھارتی قونصلیٹ یا افغانستان پر حملہ کردے۔پاکستان کی طرف سے ہونے والی دہشتگردی پاک افغان تعلقات کے درمیان مسائل کی واحد وجہ ہے۔حامد کرزئی نے الزام عائد کیا کہ افغانستان میں جو بھی حملے ہوتے ہیں وہ سرحد پار سے پاکستان کی جانب سے کیے جاتے ہیں اورا س مصیبت کی اصل وجہ لشکرطیبہ،لشکر جھنگوی،جیش محمد ہیں جن کی پاکستان میں پناہ گاہیں ،تربیتی مراکز،مالیاتی عوامل موجود ہیں۔

انھوں نے کہاکہ افغانستان میں بھارتی تنصیبات پر افغان شہریوں کی جانب سے حملوں کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا جاسکتا جس کی وجہ بھارت کی وہاں مقبولیت ہے۔افغانستان میں بھارتی مفادات پر کوئی بھی حملہ افغانستان کے مفادمیں نہیں۔بھارت افغانستان کا تاریخی اور موجود لحاظ سے بڑا دوست ہے۔افغانستان میں بھارتی اہلکاروں کی موجودگی کی وجہ صرف بھارتی مشن اورمفادات کی حفاظت ہے ۔