نیب میں ادارہ جاتی احتساب کو انتہائی اہمیت حاصل ہے، نیب نے گزشتہ تین سال کے دوران انظباطی کارروائی کرتے ہوئے اپنے 22 ملازمین کو بڑی سزائیں دیں، چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری

جمعرات 3 مارچ 2016 22:28

اسلام آباد ۔ 3 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مارچ۔2016ء) قومی احتساب بیورو( نیب)کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب میں ادارہ جاتی احتساب کو انتہائی اہمیت حاصل ہے نیب نے گزشتہ تین سال کے دوران انظباطی کارروائی کرتے ہوئے اپنے 22 ملازمین کو بڑی سزائیں دیں۔ ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورسز منیجمنٹ کی جانب سے انضباطی مقدمات سے متعلق بریفنگ کے دوران چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے نیب میں ادارہ جاتی احتساب کے طریقہ کار کے مطابق احتساب کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب سرکاری حکام کی بدعنوانی کے خلاف نیب آرڈیننس کے تحت کارروائی کرتا ہے۔تاہم اسی طرح نیب کے اندر بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی سے نیب کی ساکھ میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیب افسر ان کی شخصیت پاک صاف ہو اور اسے نظم و ضبط کا پابند ہونا چاہئے تاکہ وہ دوسروں کا احتساب کر سکے۔ نظم و ضبط کے معاملات، نظام کی موثر کارکردگی کے لئے اہم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جہاں نیب میں اچھی کارکردگی قابل تعریف ہے تاہم نیب افسران کے خلاف موصول ہونے والی شکایات پر سخت کارروائی بھی کی گئی ہے۔ چیئرمین نیب کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ تین سال کے دوران نیب کے افسران کے خلاف انضباطی کارروائیاں کی گئیں جن میں 60 کیسز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 22 کیسز میں بڑی سزائیں دی گئی ہیں جبکہ 34 کیسز میں معمولی سزا دی گئی اور 4 کیسز میں معافی دی گئی۔

متعلقہ عنوان :