آزادجموں وکشمیر ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس‘29منصوبہ جات کی منظوری دیدی گئی

جمعہ 4 مارچ 2016 14:34

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مارچ۔2016ء) آزادجموں وکشمیر ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر تاشفین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں تعلیم،فزیکل پلاننگ وہاؤسنگ، منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی، صحت عامہ، زراعت وامور حیوانات، جنگلات، انڈسٹریز ،ٹیوٹا، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ،کیمونیکیشن اینڈ ورکس ،کوٹلی ڈویلپمنٹ اتھارٹی،بحالیات،برقیات/پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے34منصوبہ جات زیر بحث لائے گئے جن میں سے29منصوبہ جات کی منظوری دیدی گئی۔

اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات منصور قادر ڈار، سیکرٹری برقیات فیاض علی عباسی،سیکرٹری صحت عامہ بریگیڈئیرطارق حسین، سیکرٹری آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری بشارت، سیکرٹری تعلیم سکولز راجہ عباس، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن لیاقت حسین، سیکرٹری زراعت وامور حیوانات ڈاکٹر شہلا وقار، سیکرٹری جنگلات فرحت علی میر،سیکرٹری فزیکل پلاننگ وہاؤسنگ چوہدری خلیل، چیئرمین ٹیوٹا عبدالسمیع خان، سیکرٹری انڈسٹریز غلام بشیر مغل،سیکرٹری ورکس الیاس عباسی،سیکرٹری سماجی بہبود خواجہ احسن کے علاوہ سربرہان محکمہ جات نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تعلیم کے چار منصوبہ جات تعمیر اضافی رہائش برائے ڈگری کالجز ضلع میرپور اور حصول اراضی برائے تعمیر اضافی کمرہ جات ہمراہ ہائی سکولز ضلع سدھنوتی، آزادکشمیر کے ڈگری کالجزاور انٹر کالجز کے ساتھ مزید اراضی کے حصول کے لیے 25کروڑ 60لاکھ 5ہزار روپے، فزیکل پلاننگ وہاؤسنگ کے دو منصوبہ جات واٹر سپلائی سکیم عباسپور ضلع پونچھ اورنیو سول سیکرٹریٹ کے بلاکس کی تزئین وآرائیش اور مرمتی کے لیے 29کروڑ 95لاکھ 85ہزارروپے، منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی کے سیلف فنانس کے 7مختلف منصوبہ جات کے لیے 3ارب 44کروڑ 36لاکھ12ہزار روپے ،صحت عامہ کے ایک منصوبہ تعمیر تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال پٹہکہ ضلع مظفرآبادکے لیے 32کروڑ 49لاکھ91ہزار روپے،زراعت وامور حیوانات کے ایک منصوبہ دیہی پولٹری پروڈکشن برائے خواتین کے لیے 7کروڑ 94لاکھ 96ہزار روپے ،محکمہ جنگلات کے دو منصوبہ جات سانٹیفک فاریسٹ مینجمنٹ اور ڈیمارکیشن آف فاریسٹ کے لیے 29کروڑ 42لاکھ روپے،محکمہ انڈسٹریز وٹیوٹا کی ایک سکیم قیام 100سکل ڈویلپمنٹ سینٹرز کے لیے 26کروڑ 60لاکھ57ہزار روپے،ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے دو منصوبہ جات ریاستی املاک کی ملکیت کے سیل کے قیام اور استحکام ریسرچ اینڈ مانیٹرنگ ونگ کے لیے 71کروڑ 78لاکھ8ہزار روپے،کیمونیکیشن اینڈ ورکس کے 6مختلف منصوبہ جات کے لیے99کروڑ 64لاکھ4ہزار روپے،کوٹلی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ایک سیلف فنانسنگ منصوبہ خرید اراضی برائے توسیع رولی ہلز ہاؤسنگ اتھارٹی کے لیے 46کروڑ 92لاکھ4ہزار روپے،برقیات وپاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دو فارن فنڈڈ منصوبہ جات بجلی کی تقسیم کے نظام کی بہتری اور 48میگا واٹ شونٹر ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے 16ارب 93کروڑ 10لاکھ89ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں کیمونیکیشن اینڈ ورکس کے تین اوربحالیات کے ایک منصوبہ کی لاگت کم کرنے کے بعداگلے اجلاس میں یہ منصوبہ جات دوباہ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی عمارت کے منصوبہ کو بھی زیر بحث لایا گیا جسے پلاننگ کمیشن میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر تاشفیق نے کہا کہ تمام منصوہ جات کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کو مزید بہتر بنایا جائیگا تاکہ ان منصوبہ جات کی تکمیل سے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم ہوں۔انہوں نے کہا کہ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی عمارت کے لیے وفاقی حکومت فنڈز فراہم کرے گی ۔ اس عمارت کو بہترین اندازمیں ڈیزان کیا جائیگا تاکہ یہ آزادکشمیر میں اپنی نوعیت کی پہلی عمارت ثابت ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :