بہاریہ مکئی کی اچھی پیداوار کیلئے مناسب وقت پر پانی لگا کر کاشتکار شاندار فصل حاصل کر سکتے ہیں، ترجمان محکمہ زراعت

جمعہ 4 مارچ 2016 17:18

فیصل آباد۔4 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 مارچ۔2016ء ) بہاریہ مکئی کوعام طور پر 10 سے11 مرتبہ پانی لگانے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ اچھی پیداوار کیلئے مناسب وقت پر پانی لگا کر کاشتکار شاندار فصل حاصل کرسکتے ہیں۔ محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ بہاریہ مکئی کی نشو ونما کیلئے پانی زبردست اہمیت کاحامل ہے کیونکہ غذائی عناصر پانی میں حل ہو کر جڑوں کے ذریعے پودوں کے اندر سرایت کرتے ہیں جس سے پودے خوراک حاصل کرتے ہیں اور ان میں ضیائی تالیف کاعمل بھی جاری و ساری رہتاہے۔

انہوں نے کہاکہ بہاریہ مکئی کی کاشت کے آغاز میں چونکہ موسم زیادہ گرم نہیں ہوتا اس لئے پانی لگانے کا وقفہ زیادہ اور مقدار کم رکھی جاتی ہے تاہم جوں جوں پودے بڑے ہوناشروع اور موسم زیادہ گرم و دھوپ کی حدت میں اضافہ ہوتاہے توں توں اسے پانی کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ جب بہاریہ مکئی کے پودے پر پھول نکلنا شروع ہو جائیں تو اس وقت کسی بھی صورت پانی کا سوکا نہیں آنے دینا چاہیے کیونکہ اس وقت نائٹروجن کھاد کی آخری قسط ڈالی جاتی ہے اور عمل زیر گی بھی شروع ہو چکاہوتاہے۔

انہوں نے کہاکہ بروقت پانی لگانے سے کھیت کا درجہ حرارت کم ہو جاتاہے اور عمل زیرگی میں بہتری سے چھلیوں میں دانے بننے کاعمل بھرپور طریقے سے مکمل ہوتاہے۔ اس لئے کاشتکاروں کو چاہیے کہ جب فصل پر پھول نکلنے کا عمل شروع ہو تو اس وقت تین سے چار دن کے وقفہ سے کم از کم تین مرتبہ اضافی پانی لگایا جائے تاکہ پیداوار متاثر نہ ہو تاہم بعد ازاں فصل کی ضرورت کو مد نظر رکھ کر آبپاشی کے ایام میں کمی بیشی کی جاسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :