میکسیکو کی19 سالہ الیکزنڈرا انڈرسن ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کے ساتھ دنیا کی کم عمر ارب پتی دوشیزہ بن گئی

جمعہ 4 مارچ 2016 19:13

میکسیکو کی19 سالہ الیکزنڈرا انڈرسن ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کے ساتھ دنیا ..

میکسیکو سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مارچ۔2016ء ) میکسیکو کی19 سالہ الیکزنڈرا انڈرسن دنیا کی کم عمر ارب پتی دوشیزہ بن گئی۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق دْنیا کے ارب پتی دولت مندوں کی تفصیلات شائع کرنے والے جریدہ ’فوربز‘ نے سال 2016ء کے امراء کی فہرست شائع کی ہے۔ اس فہرست میں دو ارب پتی شخصیات میکسیکو کے کارلوس سلیم حلو اور19 سالہ الیکزنڈرا انڈرسن خصوصی توجہ کا مرکز ہیں۔

کارلوس سلیم حلو اس لیے توجہ کا مرکز رہے کہ ایک سال میں انہیں 27 ارب 100 ملین ڈالر کا نقصان ہوا ہے جب کہ انڈرسن رواں سال کی کم عمر ارب پتی ہونے کی بناء پر شہرت حاصل کر رہی ہیں۔ انڈرسن کی دولت کی مالیت ایک ارب 20 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہے۔19سالہ الیکزنڈرا انڈرسن کا تعلق ناروے سے ہے اور وہ اپنے ملک کی نویں امیر ترین شخصیت ہیں جب کہ 'فوربز' کی فہرست میں شامل امراء میں ان کا 1476واں نمبر ہے۔

(جاری ہے)

رواں سال کی فہرست میں 1810 نئے ارب پتی اس فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔ الیکزنڈرا کی بڑی بہن کیتھرینا بھی ایک ارب 20 کروڈ ڈالر دولت کی مالک ہیں مگرعمر میں بڑی ہونے کی بناء پر ان کا کوئی خاص چرچا نہیں ہے۔ 'فوربز' نے اپنی رپورٹ کے لیے مشاہیر میں چھوٹی ہمیشرہ اور گھوڑوں کی دلدادہ الیکزنڈرا انڈرسن کو شامل کیا ہے۔ ناروے میں اس کا پورا خاندان اعلیٰ نسل کے گھوڑے پالے کے حوالے سے مشہور ہے۔

اس سے قبل سنہ 2008ء میں فوربزجریدے نے کم عمر ارب پتی دوشیزہ کی فہرست میں لبنان کے سابق مقتول وزیر اعظم رفیق حریری کی صاحبزادی ھند الحریری کو جگہ دی تھی جس کی اس وقت عمر 24 سال تھی۔ 1984ء کو پیدا ہونے والی ھند الحریری کی دولت ایک ارب 100ملین ڈالر بتائی گئی تھی۔فوربز فہرست کے مطابق معمر ترین ارب پتی خواتین کی فہرست میں فرانسیسی لیلیان بیٹنکور کا نام شامل کیا ہے۔ اس کی دولت 36 ارب 100 ملین ڈالر بتائی جاتی ہے۔ وہ ’’لوریال‘‘ گروپ کے بانی آنجہانی لیوجن سکولر کی اکلوتی اولاد ہیں۔ انہوں نے یہ دولت اپنے والد کی 1957ء میں وفات کے بعد حاصل وراثت میں پائی تھی۔

متعلقہ عنوان :