چیئرمین نیب نے ڈاکٹر عاصم حسین کیخلاف دوسرے ریفرنس پر دستخط کردیئے

ریفرنس جلد احتساب عدالت میں دائر کئے جانے کا امکان

جمعہ 4 مارچ 2016 22:42

چیئرمین نیب نے ڈاکٹر عاصم حسین کیخلاف دوسرے ریفرنس پر دستخط کردیئے

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مارچ۔2016ء) چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری نے سابق وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف دوسرے ریفرنس پر دستخط کردیئے ہیں، یہ ریفرنس اب کسی بھی وقت احتساب عدالت کراچی میں دائر کر دیا جائے گا، ریفرنس میں الزام لگایا گیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم، ان کے ساتھیوں، او جی ڈی سی ایل اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے افسران نے فراڈ اور ملی بھگت کر کے گیس کے ٹھیکوں میں 17 ارب 33کروڑ روپے کی کرپشن کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیب ایگزیکٹو بورڈ نے 3 روز قبل سابق وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین اور ان کے ساتھیوں کے خلاف او جی ڈی سی ایل اسکینڈل میں ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی تھی، ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ ڈاکٹر عاصم حسین اور ان کے ساتھیوں نے او جی ڈی سی ایل اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے افسران سے ملی بھگت کر کے فراڈ سے ایل پی جی اور این جی ایل کے ٹھیکے دیئے، ان ٹھیکوں میں مبینہ طور پر بڑے پیمانے میں رشوت وصول کی گئی جس سے قومی خزانے کو 17 ارب 33کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایاگیا ہے۔

(جاری ہے)

ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم سمیت او جی ڈی سی ایل اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے افسران کو بھی شامل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین پر اس سے قبل ایک ریفرنس احتساب عدالت کراچی میں دائر کیا جا چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :