ریسکیو1122سیالکوٹ کے زیر اہتمام ایمرجنسی اورحادثات میں بطور ابتدائی مددگار خدمت انجام دینے کیلئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیاکے نمائندگان کیلئے خصوصی تربیتی ورکشاپ

ہفتہ 5 مارچ 2016 22:39

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 مارچ۔2016ء ) پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122سیالکوٹ کے زیر اہتمام ایمرجنسی اورحادثات میں بطور ابتدائی مددگار خدمت انجام دینے کیلئے سیالکوٹ کے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیاکے نمائندگان کیلئے ایک خصوصی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ورکشاپ سنٹرل ریسکیو اسٹیشن کے کمیونٹی ٹریننگ ہال میں منعقد ہوئی جس میں شہر اقبال کی صحافی برادری سے تعلق رکھنے والے معزز صحافیوں کی بڑی تعداد نے بھر پور شرکت کی۔

اس موقع پر سیدکمال عابد نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے تما م میڈیا کو خراج تحسین پیش کیا اور انکو ورکشاپ میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ پنجاب ایمرجنسی سروس دنیا کا وہ واحد ادارہ ہے جو ناصرف عمومی حادثات بالخصوص روڈ ایکسیڈنٹس کی صورت میں تواپنی خدمات سرانجام دیتا ہی ہے مگر اسکے ساتھ ساتھ قدرتی آفات یعنی زلزلہ ، سیلاب و غیرہ اور آتشزدگی جیسے ہنگامی حالات میں بھی اپنی صلاحیتوں کوبھرپور انداز میں بروئے کار لا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں مختلف قسم کی ایمرجنسیز سے نمٹنے کے لئے مختلف ادارے قائم ہیں مگر ریسکیو 1122 وہ ادارہ ہے جو تمام طرح کی ایمرجنسیزکا ایک ہی پلیٹ فارم کے تحت سامنا کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کی مزید64تحصیلوں میں ریسکیو اسٹیشنز کے قیام کی منظوری مل چکی ہے جس پر بہت جلدکام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیورز اور کمیونٹی کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے اور اگر ان میں سے کوئی ایک بھی اپنی ذمہ داری سے درست طور پر عہدہ برا نہ ہو تو پورا سسٹم ہی برباد ہو جاتا ہے لہٰذا ساتذہ اور والدین سمیت معاشرہ کے ہر طبقہ کو چاہیے کہ وہ اس حوالے سے شعور اور آگاہی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ مجموعی طور پر ایک محفوظ، ہمدردانہ اور بہتر معاشرہ کو تشکیل دیا جاسکے۔

ورکشاپ میں عوام اور میڈیا کے بطور ابتدائی مددگار کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور آک سے بچاؤاوربجھانے پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ورکشاپ میں شامل میڈیا نمائندگان نے ریسکیو1122کی کارکردگی کو زبردست الفاظ میں سراہا اور ورکشاپ کے انعقاد پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سیدکمال عابد کا شکریہ ادا کیا اور میڈیا کوآرڈینیٹر محمد اسد اور ڈسٹرکٹ وارڈن محمد جمیل جنجوعہ کے کردار کو بھی قابل ستائش قرار دیا۔ورکشاپ کے اختتام پر اس امر پر اتفاق کیا گیاکہ آئندہ بھی ایسی ورکشاپس کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا اور ابتدائی طبی امداد و CPRکی تربیت بھی میڈیا پرسنز کو کروائی جائیگی تاکہ روز مرہ زندگی میں میڈیا کوریج کے ساتھ ساتھ ایمرجنسی کی صورت میں کسی کی مدد کرنا بھی ممکن ہو سکے

متعلقہ عنوان :