اندرون سندھ فائرنگ اور حادثات میں خاتون سمیت 4افراد ہلاک

اتوار 6 مارچ 2016 18:08

خیر پور/کندھکوٹ/ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مارچ۔2016ء) خیرپورمیں پولیس اہلکارچنگ چی کی ٹکرسے جبکہ کھانا پکاتی خاتون جھلس کر جاں بحق کراچی سے ٹھٹھہ جانے والا تاجر مخالف سمت سے آنے والی گاڑی کی ٹکر سے چل بسا،شکارپور میں فائرنگ سے نوجوان ہلاک ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ادھر خیرپور کے علاقوں کو ٹ ڈیجی اور ببرلو میں روڈ حادثات میں پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے ، پہلا حادثہ کوٹ ڈیجی کے قریب ہوا جہاں چنگ چی رکشا اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکار عابد علی اجن جاں بحق ہو گیا، بتایا گیا ہے کہ پولیس اہلکار عابد علی اجن موٹر سائیکل پر سرکاری ڈیوٹی کرنے جا رہا تھا ۔

دوسرا حادثہ کو ٹ ڈیجی کے علاقے سرائی پیارو خان گوٹھ کے قریب ریلوے پھاٹک پر ہوا جہاں موٹر سائیکل سلپ ہونے سے لاڑکانہ کے رہائشی فرمان علی بھٹی ،علی شیر اور معشوق علی سخت زخمی ہو گئے ،تینوں کو نازک حالت میں اسپتال پہنچایا گیا ،تیسرا حادثہ بھی کو ٹ ڈیجی کے ہی علاقے بیراج کے قریب ہوا جہاں ذوالفقار علی راجپر موٹر سائیکل سے گر گیا جس کے نتیجے میں اس کی ٹانگ ٹوٹ گئی ،دریں اثنا چوتھا حادثہ ببرلو کے قریب قومی شاہراہ پر ہوا جہاں تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد امتیاز پھلپوٹو اور انو رعلی پھلپوٹو شدید زخمی ہو گئے دونوں زخمیوں کو نازک حالت میں سول اسپتال خیرپور میں داخل کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں کوٹ ڈیجی کے قریب گوٹھ جھنڈو مشائخ میں کھانا پکانے کے دوران شادی شدہ عورت مسما عظمی شیخ کے کپڑوں میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے اس کے جسم کا 50فیصد حصہ جل گیا،ورثا نے متاثرہ خاتون کو بے ہوشی کی حالت میں مقامی اسپتال پہنچایاجہاں وہ دم توڑ گئی دریں اثنا ٹھٹھہ میں جوتوں کے بیو پاری صدیق میمن اپنی فیملی کے ہمراہ ہائی روف میں کراچی سے ٹھٹھہ آرہے تھے کہ دہابے جی کے علاقے میں ان کی گاڑی مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار کار سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں صدیق میمن موقع پر جاں بحق اور ان کے اہل خانہ و ڈرائیور شدید ر زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کے لیے کرا چی منتقل کیا گیا جبکہ کار ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ، دہابے جی پولیس نے کار کو اپنی تحویل میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے ۔

شکار پور میں بڈل شاہ لنک روڈ پر ریلوی کراسنگ کے مقام پر دو موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے چنگ چی پر سوار نوجوان علی شیر جعفری ،اسکے ساتھی غلام مرتضی جعفری اور ساجن جعفری پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں علی شیر جعفری موقعے پر ہلاک اور اس کے دونوں ساتھی شدید زخمی ہوگئے جبکہ مسلح افراد فائرنگ کرتے ہوئے موٹرسائیکل پر فرار ہوگئے ، پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے سلطان کوٹ اسپتال جبکہ زخمیوں کو علاج کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا ،ذرائع کے مطابق یہ واقعہ پرانی دشمنی کے باعث پیش آیاہے ۔

متعلقہ عنوان :