وزارت مذہبی امور سابقہ ٹورآپریٹرز کو ایک مرتبہ پھر کوٹہ الاٹ کرکے غریبوں کیلئے مشکلات کھڑی کررہی ہے، کنوینر تحریک سستا فریضہ حج پاکستان

20, 20لاکھ روپے کا حج کروانے والوں کا احتساب کون کرے گا، وفاقی حکومت نے سستا حج کے سروے کو عملی شکل نہ دے کر غریبوں کے ساتھ دھوکا کیا ہے

اتوار 6 مارچ 2016 18:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مارچ۔2016ء ) تحریک سستا فریضہ حج پاکستان کے کنوینر غلام عباس نے کہا ہے کہ وزارت مذہبی امور سابقہ ٹورآپریٹرز کو ایک مرتبہ پھر کوٹہ الاٹ کرکے غریبوں کیلئے مشکلات کھڑی کررہی ہے، 20, 20لاکھ روپے کا حج کروانے والوں کا احتساب کون کرے گا، وفاقی حکومت نے سستا حج کے سروے کو عملی شکل نہ دے کر غریبوں کے ساتھ دھوکا کیا ہے، سپریم کورٹ حج پیکج سستا نہ کرنے پر نوٹس لیں، چیف جسٹس سے اپیل، عوام کو مہنگے حج پیکج کے زریعے لوٹنے والے ٹورآپریٹرز نہ کوئی ٹیکس دیتے ہیں اور نہ آمدنی کی تفصیل حکومت کو جمع کرواتے ہیں ، ایسے ٹور آپریٹرز بھی ہیں جو حاجیوں سے سالانہ 4ارب روپے تک منافع کماتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تحریک ِسستا فریضہ حج پاکستان کے ڈپٹی کنوینر مولانامحمد احمرحشمتی، ڈپٹی کنوینرقاری ذیشان اکبر ملک سیفی، ڈپٹی کنوینر پیر حبیب شاہ، ممبران محمد عثمان، عبداﷲ سفیان غزنوی، حبیب اﷲ، حافظ شعیب اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کنوینر مولانا محمد احمر حشمتی نے کہا کہ ہم اس سے قبل بھی کہہ چکے ہیں کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی، ڈالر کی قیمت میں کمی اور دیگر اخراجات میں کمی کا فائدہ پاکستان کے غریب عوام کو نہیں پہنچایا جارہا ہے جو کہ زیادتی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت فریضہ حج کے اخراجات میں کمی کیلئے عملی اقدامات کرے تاکہ اس فریضہ کو غریب عوام بھی ادا کرسکے، حج اخراجات سے متعلق سپریم کورٹ بہت تفصیلی فیصلہ دے چکی ہے اور حکومت پاکستان کو پابند کرچکی ہے کہ سستا حج پیکج متعارف کروایا جائے لیکن ابھی تک حکومت کی جانب سے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ہم سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے ازخود نوٹس لیا جائے اور حکومت سے جواب طلبی کی جائے ۔

ڈپٹی کنوینر قاری ذیشان اکبر ملک سیفی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف سستا حج پیکج سے متعلق تفصیلی بریفنگ لے چکے ہیں اوروزیر مذہبی امور کو ہدایت جاری کرچکے ہیں کہ نہ صرف سرکاری سستا حج پیکج متعارف کروایا جائے بلکہ نجی شعبہ کو بھی پابند کیا جائے کہ وہ سستے سے سستا حج پیکج متعارف کروائے۔ڈپٹی کنوینر پیر حبیب شاہ نے کہاکہ حج کے اخراجات کو کم کرنے کیلئے ائیرلائن کے کرایہ میں کمی کی بھی ضرورت ہے کیونکہ جدہ کیلئے عام مسافر کو ٹکٹ 50,000(پچاس ہزار) تک میں مل جاتا ہے جبکہ حاجی کو جدہ کایہی ٹکٹ 90,000(نواے ہزار)سے 135,000(ایک لاکھ پینتیس ہزار)تک کا دیا جاتا ہے جوکہ سراسر ناانصافی ہے۔