اسلامی یونیورسٹی میں ’معیاری تحقیق کی اہمیت ‘ پر ورکشاپ کا انعقاد

پیر 7 مارچ 2016 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مارچ۔2016ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں ” معیاری تحقیق کی اہمیت “ کے موضوع پر دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تعلیمی اداروں میں تحقیق کا فروغ کلیدی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ وہ اقدام ہے جو ترقی کی راہیں ہموار کر سکتا ہے۔جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں منعقدہ اس دو روزہ ورکشاپ میں جامعہ کے مختلف شعبہ جات کے 20 سے زائد فیکلٹی ممبران نے حصہ لیا جبکہ اس سرگرمی کا انعقاد یونیورسٹی کے شعبہ اورک(ORIC) اور فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے اشتراک سے کیا گیا تھا ۔

ورکشاپ کی افتتاحی اور اختتامی تقاریب میں ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی اور صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے شرکت کی جنہوں نے بہتر نتائج کے لیے تحقیقی سرگرمیوں اور ایسی ورکشاپس میں فیکلٹی ممبران کی زیادہ سے زیادہ شرکت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

ورکشاپ سے خطاب میں ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا کہ بامعنی تحقیق معاشرتی ترقی میں بہترین ذریعہ ثابت ہوتی ہے اور عصر حاضر میں سوشل سائنسز کے شعبہ میں تحقیق پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے جبکہ اس شعبہ کے محققین کو چاہیے کہ طلباء میں بھی تحقیق کے کلچر کو عام کرنے پر خصوصی توجہ دیں ۔

انہوں نے ورکشاپ کے انعقاد کو تعمیری کاوش قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسی سرگرمیوں کا انعقاد تواتر سے کیا جاتا رہے گا۔ تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر الدریویش نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ تحقیق کے فروغ کو اپنا اولین مقصد سمجھیں اور کہا کہ یہ امر جامعہ کے مقاصد کے حصول میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ ان کا مزید کہناتھا کہ تحقیق مسلمانوں کی میراث ہے جس سے انہوں نے پوری دنیا کو متعارف کرایا۔

صدر جامعہ کا کہنا تھا کہ معیاری تحقیق معاشرے کی ترقی میں خاص اہمیت کی حامل ہے جبکہ اس کے ذریعے مالیاتی مسائل کے حل اور فروغ تعلیم کے لیے راستے بھی تلاش کیے جا سکتے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر الدیریویش نے ہدایت کی کہ ہر ماہ ایسی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے اور اس میں طلباء کوبھی شامل کیا جائے۔ ورکشاپ سے ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر عبدالحمید ، شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے ڈاکٹر عارف سلیم اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کے ریسورس پرسنز نے بھی خطاب کیا۔ ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں صدر جامعہ نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔