پنجاب اور ملائشیا کے درمیان سیاحتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پنجاب کی یونیورسٹیوں میں ملائشین زبان پڑھائی جائیگی‘ رانا مشہود احمد

ملائشین حکومت سے پاکستانی ورکرز کو تربیت فراہم کرنے کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے ، ملائشیا کی یونیورسٹیوں میں پاکستانی طالبعلموں کی تعداد بڑھائی جائے گی انرجی سیکٹر میں ملائشیا اپنے تجربات سے پاکستان کو مستفید کررہا ہے ،ملائیشین ٹورازم کی کامیابی کے ماڈل کو پنجاب میں بھی آزمانے کے لئے کوشاں ہیں‘صوبائی وزیر سیاحت کا ملائشیا کے صوبہ صباسے آئے ہوئے صوبائی محکمہ ٹو رازم کے وفد کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب

پیر 7 مارچ 2016 21:31

پنجاب اور ملائشیا کے درمیان سیاحتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پنجاب ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مارچ۔2016ء) پنجاب اور ملائشیا کے درمیان سیاحتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے پنجاب کی یونیورسٹیوں میں ملائشین زبان پڑھائی جائے گی ،ملائشین حکومت سے پاکستانی ورکرز کو تربیت فراہم کرنے کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے ، ملائشیا کی یونیورسٹیوں میں پاکستانی طالبعلموں کی تعداد بڑھائی جائے گی،انرجی سیکٹر میں ملائشیا اپنے تجربات سے پاکستان کو مستفید کررہا ہے ،ملائیشین ٹورازم کی کامیابی کے ماڈل کو پنجاب میں بھی آزمانے کے لئے کوشاں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر سیاحت پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے مقامی ہوٹل میں ملائشیا کے صوبہ صباسے آئے ہوئے صوبائی محکمہ ٹو رازم کے وفد کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ملائشین ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ٹریول مارٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں لاہور سے تعلق رکھنے والے ٹریول ایجنٹس اور ملائشیا کی فضائی کمپنی ملینڈوایئرلائنز کے حکام نے تعاون کیا۔

اس موقع پر ملائشیا کے روایتی رقص پر مبنی کلچرل شو بھی پیش کیا گیا ۔تقریب سے پاکستان میں ملائشیا کے ہائی کمشنر ڈاکٹر حسرالسانی مجتباراورملائشیا کے صوبہ صبا کے اسسٹنٹ ٹورازم منسٹرحاجی کمارلن بن حاجی عمبی نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی وزیر سیاحت رانامشہود احمد خاں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملائشیا دنیا کے سب سے زیادہ وزٹ کئے جانے والے 14ممالک میں شمار ہوتا ہے ۔

ہر سال ملائشیا جانے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے پچھلے سال 66ہزار 400پاکستانیوں نے ملائشیا کی سیر کی جس سے ملائشیا کے محکمہ سیاحت کی کامیابی کا بخوبی اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملائشیا کے شہر کوالالمپورسے لاہوراورکراچی کی ہفتے میں 4 براہ راست فلائٹوں کے اجراء سے دونوں ملکوں کے درمیان سیاحتی روابط مزید مستحکم ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملائشین حکومت کو اس امر کا بھی اہتمام کرنا چاہیے کہ ملائشیا کے لوگ زیادہ سے زیادہ تعداد میں پاکستان بالخصوص پنجاب میں آئیں تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان قدیم برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ ملے۔