برفانی دور کے شیر پھر سے زندہ ہونگے

Ameen Akbar امین اکبر منگل 8 مارچ 2016 09:09

برفانی دور کے شیر پھر سے زندہ ہونگے

اگر سائنسدان کامیاب ہوگئے تو برفانی دور کے شیر پھر سے دنیا میں دھاڑ سکیں گے۔ ماہرین کو امید ہے کہ وہ زمانہ قبل از تاریخ کے دو شیر کے بچوں کا کلون بنا لیں گے۔ شیر کے یہ دو بچے پچھلے سال ملے تھے اور ان کا جسم ذرا سا بھی خراب نہیں ہوا تھا۔
ڈاکٹر البرٹ پروٹوپوپوو کے مطابق شیر کے یہ بچے برف میں دفن تھے، ان کے جسم کے اعضا، کھال، کان حتیٰ کہ مونچھوں کے بال وغیرہ سب بالکل ٹھیک تھے۔


اب جنوبی کوریا کے کلونگ کے ماہر ہوانگ وو سک ان بچوں کے جسم کا نمونہ لینے کے لیے یاکوٹسک، روس پہنچے ہیں۔

(جاری ہے)


ہوانگ اس وقت زمانہ قبل از تاریخ میں معدوم ہو جانے والے جانوروں کو زندگی کی طرف واپس لانے کے پراجیکٹ پر کام کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر البرٹ کا کہنا ہے کہ انہیں ملنے والے شیر کے بچے کافی چھوٹے ہیں، غالبا ان کی پیدائش کے بعد ان کی ماں انہیں دوسرے درندوں سے بچانے کےلیے غار میں چھوڑ گئی مگر پھر برفانی تودہ گرنے سے غار کا دہانہ اور ہوا کے راستے بند ہوگئے، جس سے یہ بچے غار کے اندر محفوظ رہے۔
ڈاکٹر البرٹ کا کہنا ہے کہ وہ پھر سے اس برفانی غار میں جائیں گے تاکہ وہاں سے دوسرے بچوں یا ان کی ماں کو تلاش کیا جا سکے۔