بھارت انسانیت کاقاتل جس نے دہشت گردی کے ذریعے ریاستی عوام کے حقوق غصب کررکھے ہیں،وزیراعظم آزادکشمیر

منگل 8 مارچ 2016 14:14

میرپور/چکسواری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 مارچ۔2016ء) وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجیدنے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیری خواتین کی بے حرمتی وحشیانہ تشدد انسانیت پسند دنیااور انسانی حقوق کی خواتین تنظیموں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ مہذب دنیا کی خواتین تنظیمیں مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں خواتین کی بے حرمتی کے واقعات کاسد باب کرائیں۔

خواتین کے عالمی دن کے موقع پروزیراعظم نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں خواتین اور بچوں پرمظالم کرکے جنگی جرائم کامرتکب ہورہاہے۔بھارت کے خلاف جنگی جرائم کے عالمی ٹربیونل میں مقدمات قائم کریں گے اور بھارت جو انسانی حقوق کا علمبردار کہلاتاہے اسے بین الاقوامی دنیامیں مکمل طورپرایکسپوز کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ بھارت انسانیت کاقاتل ہے جس نے دہشت گردی کے ذریعے ریاستی عوام کے حقوق غصب کررکھے ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ بھارت ایک عالمی دہشت گردہے جس کے خلاف ہربین الاقوامی فورم پرآواز بلند کریں گے اور دنیاکوبھارت کا اصل روپ دکھائیں گے۔بھارت نے مقبوضہ کشمیرکوملٹری کیمپ میں تبدیل کررکھاہے اور کشمیریوں کی نسل کشی شروع کررکھی ہے ۔ وزیراعظم آزاد کشمیرنے کہاکہ حریت پسند عوام کوسلام کرتے ہیں جنھوں نے بھارتی سنگینیوں تلے پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کرکے بھارت کے غیرقانونی قبضے کومسترد کرتے ہوئے بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل کرنے کا عزم کررکھاہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرکے عوام کی لازوال قربانیوں نے مقبوضہ کشمیرکے عوام کی تحریک کودنیاکا فلیش پوائنٹ بنادیاہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں جاری تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے اب اس تحریک کاراستہ نہیں روکا جاسکتا۔ وزیراعظم نے کہاکہ بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیرکے عوام کے شانہ بشانہ ہیں۔ تحریک آزادی کے کسی بھی لمحے انھیں تنہائی کااحساس نہیں ہونے دیں گے۔

دریں اثناء چکسواری میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہاکہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں پیپلزپارٹی کی حکومت عوامی فلاح وبہبود کی ترقی وخوشحالی کے جس ایجنڈے پرعمل پیراہے ۔ عوامی فلاح وبہبود ہماری سیاست ہے۔ یہی ہمارا ایجنڈاہے۔ یہی ہماری لیڈرشپ کا ویژن ہے۔ منفی سیاستدان اس ایجنڈے کی رکاوٹ نہیں بن سکتے۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہم عوامی حقوق کے محافظ ہیں۔ عوامی حقوق پرکبھی کمپرومائز نہیں کریں گے۔ ریاستی تشخص پامال نہیں ہونے دیں گے اور عوام کی غیرت کی کبھی نیلامی نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی عوامی حقوق کے تحفظ کانام ہے جس کی لیڈرشپ نے جمہوریت کے فروغ او رعوام کے حقوق کے لیے اپنی جانوں کانذرانہ دے دیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ آزاد کشمیرکے عوام ہماری طاقت ہیں۔ آمدہ انتخابات کلین سویپ کریں گے۔ کسی کو انتخابات ہائی جیک نہیں کرنے دیں گے۔ دوبارہ حکومت بناکرعوامی ایجنڈے کی تکمیل کرکے رہیں گے۔ لیڈرشپ نے عوام کی ترقی وخوشحالی فلاح وبہبود کے لیے جوجوخواب دیکھے ہیں ان سب کوتعبیردیں گے۔

متعلقہ عنوان :