وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کو پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں 70 ارب روپے چار ماہ میں ادا کر دے گی، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بجلی کے نقصانات زیادہ ہیں، لائن لاسز پر قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے 499 فیڈرزکے لائن لاسز پچاس فیصد سے زیادہ ہیں، فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جولائی 2015ء سے جنوری 2016ء تک صارفین کو 97 ارب روپے کا فائدہ پہنچایا گیا ہے

چیئرمین محمد ارشد خان کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو وزارت پانی وبجلی کی بریفنگ

منگل 8 مارچ 2016 22:42

اسلام آباد ۔ 8 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 مارچ۔2016ء) وزارت پانی وبجلی کی طرف سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پانی وبجلی کو بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کو پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں 70 ارب روپے چار ماہ میں ادا کر دے گی۔ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بجلی کے نقصانات زیادہ ہیں۔ لائن لاسز پر قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے 499 فیڈرزکے لائن لاسز پچاس فیصد سے زیادہ ہیں۔ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جولائی 2015ء سے جنوری 2016ء تک صارفین کو 97 ارب روپے کا فائدہ پہنچایا گیا ہے۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس منگل کو چیئرمین محمد ارشد خان لغاری کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان کے علاوہ، وزارت پانی وبجلی کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزارت کی طرف سے کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت نے ٹیوب ویلوں کا ٹیرف دس روپے پینتیس پیسے فی یونٹ مقرر کیا ہوا ہے۔

پنجاب میں ٹیوب ویل مالکان سے بیس ارب روپے وصول کئے گئے ہیں۔ گردشی قرضے کے خاتمے کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پنجاب سے چار ارب نوے کروڑ روپے، کے پی کے سے ایک ارب 87 کروڑ روپے، سندھ سے 74 ارب گیارہ کروڑ روپے اور بلوچستان سے چار ارب 54 کروڑ روپے کے واجات وصول کئے جانے ہیں۔ اب تک 838 سب ڈویژن کو موبائل میٹر ریڈنگ سسٹم پر تبدیل کیا جا چکا ہے جس میں لیسکو کے 142 اور پیسکو کے 96 سب ڈویژن شامل ہیں۔

بجلی چوروں کے لئے سزا اور جرمانے کی رقم میں اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے بھی بھرپور مہم چلائی جارہی ہے۔ سندھ، کے پی کے اورکوئٹہ الیکڑک سپلائی کمپنی کی حدود میں پنجاب کی تقسیم کار کمپنیوں کے مقابلے میں لاسز زیادہ ہیں۔ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ صرف کسی بڑی خرابی کی وجہ سے کی جاتی ہے جن فیڈرز کے لاسز زیادہ ہیں وہاں پر لوڈ شیڈنگ بھی زیادہ ہوتی ہے۔