بابچی کی کاشت مارچ میں مکمل کرنے کی ہدایت

بدھ 9 مارچ 2016 13:26

فیصل آباد۔9 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مارچ۔2016ء )کاشتکار وں کو بابچی کی کاشت مارچ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ کاشتکار ادویاتی پودوں کی زیادہ کاشت سے اپنی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ کر یں۔محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ ادویاتی پودوں کی کاشت پر لاگت کم جبکہ آمدن زیادہ حاصل ہوتی ہے جبکہ ادویاتی پودوں میں بابچی کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے۔

اس کے بیجوں کا پاؤڈر کوڑھ کی بیماری کیلئے مفید ہے جبکہ اس کے بیج سانپ کے کاٹنے ، بچھو کے کاٹنے اور جلدی بیماریوں میں کثرت سے استعمال کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار بابچی کی کاشت کیلئے تین سے چار کلوگرام بیج فی ایکڑاستعمال کریں۔انہوں نے کہاکہ ذرخیز زمین اس کی کاشت کے لیے موزوں ہے ۔

(جاری ہے)

کاشتکار زمین کی تیاری کیلئے پانچ سے چھ مرتبہ ہل چلا کر اور سہاگہ پھیر کر مٹی باریک کرلیں اور زمین کو تیار کرتے وقت اس میں فی ایکڑ آٹھ یا دس ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد ایک جیسی مقدار میں سارے کھیت میں بکھیر دیں اور پھر ہل چلا کر اچھی طرح زمین میں ملادیں۔

انہوں نے کہا کہ بابچی کی کاشت کے دوطریقے ہیں ایک یہ کہ ڈیڑھ فٹ کے فاصلے پرکھیلیاں بنائی جائیں اور ان کے اوپر نوانچ کے فاصلے سے بیج کے چوکے لگائیں جبکہ وتر زمین میں ہموار سطح پر لائنوں میں بھی اس کی بجائی ڈرل کی مدد سے کی جاسکتی ہے۔