امتحانی نظام کو شفاف اور نقائص سے پاک کردیا گیاہے، رانا مشہود احمد

بدھ 9 مارچ 2016 22:30

فیصل آباد۔9 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مارچ۔2016ء ) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہاہے کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ میں تعلیم کامعیار بلند کرنے کیلئے امتحانی نظام کو جدید خطوط پراستوار کیا گیا ہے، اس سلسلے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ایجوکیشن بورڈ کے تمام امور کوجدت سے ہمکنار کرنے کے خاطر خواہ نتائج حاصل ہوئے ہیں۔

انہوں نے یہ بات بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرچیئرمین بورڈ مہر غلام محمد جھگڑ‘ای ڈی او ایجوکیشن بشیر زاہد گورایہ ‘محکمہ تعلیم اور بورڈ کے افسران و ملازمین بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر تعلیم نے کمپیوٹر لیب ‘ کمپیوٹر سیکشن اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا اور ملازمین کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی نظام سے آگاہی کے بارے ٹریننگ کلاسز کے اجراء کو خوش آئند اقدام قراردیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبے کی ترقی اور استحکام کیلئے متعارف کردہ انقلابی پالیسیوں کے نفاذ اور عملدرآمد کیلئے حکومتی سطح پر مکمل نگرانی کی جارہی ہے اور اس سلسلہ میں صوبائی سطح پر کمپلینٹ سیل بھی کام کر رہا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ امتحانی نظام کو مکمل طور پر شفاف اور نقائص سے پاک کردیا گیا ہے، اس نظام کوآن لائن کرنے میں فیصل آباد بورڈنے ڈویژن کے دیگر بورڈز کی نسبت عمدہ کارکردگی دکھائی ہے جس کا تسلسل برقرار رہنا چاہئے ۔

انہوں نے بورڈ میں جاری بعض ترقیاتی کاموں اور سیکورٹی امور کا بھی جائزہ لیا اور سیکورٹی اقدامات کو جامع رکھنے کی تاکید کی۔صوبائی وزیر تعلیم نے بورڈ آفس میں دستیاب اراضی پر کی گئی شجرکاری کو بھی سراہا ۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے ملازمین کو صبح و شام دو کلاسز میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت بھی فراہم کی جارہی ہے ،اس کے علاوہ امتحانات کے تمام امور ، لائبریری میں کتب کے ریکارڈ اور اجراء کے نظام کوبھی کمپیوٹرائزڈکردیا گیاہے۔انہوں نے بتایا کہ بورڈ میں سیکورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے اور محکمانہ کارکردگی کے اعتبار سے حکومت کے معیار پر پورا ترنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :