ہڑتال کے باوجود 97فیصد پرائیویٹ سکولز کھلے رہے ۔ادیب جاودانی

بدھ 9 مارچ 2016 22:31

لاہور۔9 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مارچ۔2016ء ) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ادیب جاودانی نے کہا ہے کہ ہڑتال کی کال کے باوجود 97فیصد پرائیویٹ سکولز کھلے رہے ہیں اور پرائیویٹ سکولوں کی اکثریت نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا ہے۔گزشتہ روزیہاں پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ہڑتال میں اس لئے حصہ نہیں لیا کہ نرسری کلاس سے جماعت ہشتم تک بچوں کے امتحانات ہو رہے تھے، امتحانات کے دوران سکولز بند کرنے سے بچوں کی تعلیم کا نقصان ہونا تھا۔

ادیب جاودانی نے کہا کہ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے گذشتہ روز ہمیں یقین دہانی دلائی ہے کہ 5ہزار روپے تک فیسیں لینے والے نجی تعلیمی اداروں کی کیٹیگری کو فیسوں کی ترمیمی بل سے مستثنیٰ قرار دینے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو سفارشات بھیجی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ہمارا وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مطالبہ ہے کہ وہ پنجاب اسمبلی سے اس قانون میں ترمیم کروائیں اور پرائیویٹ سکولوں کو مناسب فیسیں بڑھانے کی اجازت دی جائے اور دس فیصد بچوں کو مفت پڑھانے کی شرط ختم کی جائے اور رجسٹریشن تاخیر سے کروانے والے پرائیویٹ سکولوں پر بھاری بھر کم جرمانے ختم کئے جائیں۔

اس موقع پر ، سیکرٹری جنرل امجد علی، سینئر نائب صدور عامرمشتاق ، کاشف ادیب، علی رضا، جاوید انجم ، پنجاب تنظیم کے صدر چوہدری واحد احمد اور تنظیم کے قانونی مشیر رانا ندیم صابر ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :