بھنڈی کی کاشت مارچ کے آخر تک مکمل کر لی جائے ، ماہرین زراعت

جمعرات 10 مارچ 2016 14:50

فیصل آباد۔10 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 مارچ۔2016ء )ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ بھنڈی موسم گرما کی ایک نقد آور اور انتہائی مقبول ترین سبزی ہے جسے نہ صرف غذائی لحاظ سے بہت اہمیت حاصل ہے بلکہ اس کی کاشت سے کاشتکار بھی مناسب مالی منفعت حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتا یا کہ بھنڈی کی فصل مارچ کے آخر تک کاشت کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سبز پری بھنڈی کی مشہور اور سفارش کردہ قسم ہے جس کی کاشت سے بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہے ۔

(جاری ہے)

بھنڈی کی کاشت کیلئے گرم مرطوب آب و ہوا کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ یہ کہر کے اثر کو برداشت نہیں کرتی اس لئے اگر مطلع ابر آلود یا درجہ حرارت 20ڈگری سنٹی گریڈ سے کم ہو جائے تو بھنڈی کا اگاؤ بری طرح متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بیج کی 10سے 12کلو گرام تک کی مقدار فی ایکڑ کاشت کی جائے تو بھنڈ ی کی بمپر کراپ حاصل ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھنڈی اور توری کو ہر قسم کی زمین میں کاشت کیا جا سکتا ہے البتہ ذرخیز میرا اور پانی کے بہتر نکاس والی زمین اچھی پیداوار کے حصول کی ضامن ہو سکتی ہے۔