اوپن یونیورسٹی" ای سی او" ممبرممالک کے تعاون سے پوسٹل سروسسز میں آن لائن ڈگری پروگرام شروع کرے گی

جمعرات 10 مارچ 2016 15:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 مارچ۔2016ء) "علا مہ اقبال اوپن یونیورسٹی اقتصادی تعاون تنظیم)ای سی او(ممبر ممالک کے تعاون سے پوسٹل سروسسز میں آن لائن ڈگری پروگرام شروع کرے گی اور پوسٹل سروسسز کے کارکنوں اور آفیسرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لئے تعلیمی سپورٹ فراہم کرے گی" ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر ‘ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے ای سی او کے گیارہ ممبر ممالک کے پوسٹل سروسسزکے ماہرین سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔

ای سی او کے گیارہ ممبر ممالک کے پوسٹل سروسسز کے ماہرین نے اوپن یونیورسٹی کا ایک روزہ دورہ کیا اور پروفیشنل ڈیویلپمنٹ کے شعبے میں یونیورسٹی کے ساتھ دو۔طرفہ تعاون اور پارٹنرشپ میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

اردن ‘ کرغستان ‘ سری لنکا ‘ مالدیپ ‘ بھوٹان ‘ کمبوڈیا ‘ نیپال ‘ ویت نام اور تھائی لینڈ سے آئے ہوئے پوسٹل سروسسز کے وفد نے اوپن یونیورسٹی کی ملک گیر تعلیمی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔

گیارہ ممالک کا وفد ٹیکنیکل اسسٹنٹ پروگرام کے تحت حکومت پاکستان کی دعوت پر آیا ہوا ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ‘ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے وفد کاگرمجوشی سے استقبال کیا اور پوسٹل سروسسز کے آفیسرز کو یونیورسٹی کی جانب سے تعلیمی سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ڈاکٹر شاہد صد یقی نے کہا کہ پوسٹل سروسسز کے ملازمین اور آفیسر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے اوپن یونیورسٹی پوسٹ آفس مینجمنٹ میں آن لائن ڈپلومہ کورس شروع کرے گی۔

انہوں نے وفد کو اوپن یونیورسٹی کے منفرد طریقہ تعلیم ‘ ملک گیر تعلیمی نیٹ ورک اور خدمات پر تفصیل سے بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اقتصادی تعاون تنظیم کے ممالک کے ساتھ پروفیشنل ڈیویلپمنٹ اور پوسٹل سروسسز کے شعبوں میں مشترکہ تعلیمی پروگرام شروع کرنے کے لئے باہمی تعاون کی خواہش رکھتی ہے۔ وفد کے قائد ‘ وسیم ظفر نے اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ‘ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی باہمی تعاون کی دعوت قبول کرلی۔

وفد میں شامل تھائی لینڈ کی نمائندہ ‘ مس سریٹورن روجانا میٹری نے پوسٹل سروسسز کے شعبے میں اوپن یونیورسٹی کی جانب سے اشتراک عمل کی پیشکش پر ڈاکٹر شاہد صدیقی کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں ‘ بین الاقوامی تعاون کے شعبے کے انچارج ‘ ڈاکٹر زاہد مجید نے وفد کو اوپن یونیورسٹی کی مجموعی خدمات پر تفصیلی پریذنٹیشن دی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار ‘ پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم قریشی بھی موجود تھے۔ وفد کو یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کرایا گیا۔