آزاد کشمیر کے فیصلے اب مظفر آباد سے ہونگے، وفاقی و آزاد حکومت نے نوجوانوں کو حق رائے دیہی کے استعمال سے روکنے کیلئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری میں بہتر دیر کی، بیرسٹر سلطان محمود

جمعرات 10 مارچ 2016 16:58

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 مارچ۔2016ء) صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سردار تبارک ‘ خواجہ فاروق‘ حاجی گل خنداں‘ امتیاز اعوان‘ چوہدری شفقت ‘ چوہدری واصف ‘ راجہ مد د علی راجہ شیراز ‘ مہر علی بخاری‘سینئر نائب صدر سندھ زون چوہدری محمد یونس گجر اور دیگر کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر تحریک انصاف حلقہ کوٹلہ کے مرکزی دفتر کا افتتاح کر دیا۔

ٹاہلی منڈی میں منعقدہ افتتاحی تقریب جلسہ عام کی شکل اختیار کرگئی۔حلقہ کوٹلہ کی تما م یونین کونسلز اور مظفرآباد ڈویژن سے رہنماؤں اور کارکنان نے بھر پور شرکت کی۔تقریب میں آمد پر کارکنان نے محبوب قائد کا شاندار استقبال کیا ۔ اس موقع پر سیٹھ بشیر عباسی‘ سردار محمد امتیاز ‘ ممتاز عباسی ‘ چوہدری یاسر ‘ ڈاکٹر اقبال ‘فضل دین اور دیگر نے دوسری جماعتوں کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی اور بیرسٹر سلطان نے انھیں ہار پہنا کر خوش آمدید کہا اور مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم بیرسٹر کے نعروں سے فضاء گونج اٹھی۔ اس موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے فیصلے اب مظفرآباد سے ہونگے۔ وفاقی اور آزاد حکومت نے نوجوانوں کو حق رائے دیہی کے استعمال سے روکنے کیلئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری میں بہت دیر کی ۔ نوجوان بڑھ چڑھ کر ووٹ درج کرائیں اور پہرا دیں تاکہ بوگس ووٹوں کا اندراج نہ کیا جاسکے۔

مسلم لیگ ن نواز شریف کی بیساکھیوں سے سہارے اقتدار میں آنا چاہتی ہے ۔نواز شریف کی اپنی ٹانگیں کانپ رہی ہیں وہ کیا کسی کا سہارا بنیں گے۔ انشاء اللہ جب یہاں الیکشن ہونگے اس وقت تک نواز شریف پاکستان کے وزیرعظم نہیں رہیں گے۔ چوہدری مجید قصہ ماضی بن چکا۔ کوٹلی میں تاریخ کا بڑا جلسہ ریفرنڈم تھا۔ آج آپ کا جوش اور ولولہ دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہورہی ہے۔

دو تین ہفتوں میں عمران خان کو دورہ مظفرآباد کی دعوت دوں گا اور ان کو لے کر مظفرآباد آؤں گا۔ عوام تحریک انصاف کو کامیاب بنائیں ۔اقتدار میں آکر مظفرآباد کو سوئی گیس دینگے اور دارالحکومت کا ہوائی اڈہ بھی بحال کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین نواز شریف ہیں۔ پی پی کے پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین بلاول زرداری ہیں ۔

جبکہ مجھے تحریک انصاف آزادکشمیر کے پارلیمانی بورڈکا چیئرمین بنا کر عمران خان نے” کشمیر کے فیصلے کشمیر میں ہونگے“ کی ابتدا ء کردی ہے۔مسلم لیگ ن جو ہر وقت بیساکھیوں کے سہارا کی تلاش میں ہوتی ہے اس کا غرور ٹوٹ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کی آواز مظفرآباد سے بلند ہو گی۔ بعد ازاں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے تحریک انصاف کے وفود نے بیرسٹر سلطان سے ملاقاتیں کیں ۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ پھیل جائیں اور جعلسازوں پر پہراد یں۔