سرحدوں کی حفاظت ٗ خیبر پختواہ اور فاٹا میں امن و امان کے قیام کے سلسلے میں فرنٹیئر کور کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ٗ وزیر داخلہ

منشیات کے استعمال اور کاروبار سے آئندہ نسلوں کے مستقبل اور ملکی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں ٗروک تھام کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں ٗ وزیر داخلہ چوہدر ی نثار علی خان کی آئی جی فرنٹیئر کورکے پی کے اور ڈی جی اے این یف سے گفتگو

جمعرات 10 مارچ 2016 20:28

سرحدوں کی حفاظت ٗ خیبر پختواہ اور فاٹا میں امن و امان کے قیام کے سلسلے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثا علی خان نے کہاہے کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت و دفاع اور خیبر پختواہ اور فاٹا میں امن و امان کے قیام کے سلسلے میں فرنٹیئر کور کی کاوشیں اور قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں اور پوری قوم اسے انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ جمعرات کو وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے نئے تعینات ہونے والے آئی جی فرنٹیئر کور خیبر پختونخواہ میجر جنرل شاہین مظہر محمود (ہلالِ امتیاز ملٹری) اور ڈی جی اے این ایف میجر جنرل ناصر دلاور شاہ کی الگ الگ ملاقات کی اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہاکہ امید ہے کہ دونوں افسران کی قیادت میں انکے ادارے مزید متحرک اور فعال ہوں گے انہوں نے کہاکہ ملکی سرحدوں کی حفاظت و دفاع اور خیبر پختواہ اور فاٹا میں امن و امان کے قیام کے سلسلے میں فرنٹیئر کور کی کاوشیں اور قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں اور پوری قوم اسے انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ فرنٹیئر کورکے بہادر جوانوں اور افسران نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر ہمیشہ ملک اور قوم کا جھنڈا سربلندرکھا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ منشیات کی پیداوار اور روک تھام کے سلسلے میں ملک کو گذشتہ چندسالوں میں اہم کامیابیاں نصیب ہوئی ہیں جو کہ اے این ایف کے افسروں اور جوانوں کی شب و روز محنت کانتیجہ ہے۔

چوہدری نثار علی خان نے ڈی جی اے این ایف کو ہدایت کی کہ منشیات کے استعمال اور کاروبار سے جہاں آئندہ نسلوں کے مستقبل اور ملکی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں وہاں یہ ملکی شناخت اور وقار کوبھی متاثر کرتی ہے لہذا اسکی روک تھام کیلئے تمام ممکنہ کوششیں جاری رکھی جائیں انہوں نے کہاکہ پچھلے دو سالوں میں منشیات کی روک تھام کے حوالے سے اے این ایف کا کردار پورے خطے کیلئے قابلِ تقلید ہے۔