نویں دسویں جماعت کے امتحانات کے دوران ہر ضلع میں دفعہ 114 نافذ العمل ہو گی

جمعرات 10 مارچ 2016 22:37

سکھر ۔ 10 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 مارچ۔2016ء) نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کے دوران کاپی کلچر کی روک تھام کے سلسلے میں ہر ضلع میں دفعہ 114 سی آر پی سی نافذ العمل ہو گی، امتحانات کے دوران فوٹو اسٹیٹ مشین کے استعمال پر بھی پابندی ہو گی، خلاف ورزی کرنے والوں کا 188 ایکٹ کے تحت چالان کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس بات کا فیصلہ کمشنر سکھر کی زیر صدارت 28 مارچ سے شروع ہونے والے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔

فیصلہ کے مطابق امتحانات کے دوران موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد ہو گی، باوجود پابندی امتحانی مراکز کے اندر موبائل فون لانے والوں کے موبائل فون ضبط کئے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امتحانات کے دوران اساتذہ کو بطور انویجیلیٹرز ان کو تعینات شدہ اسکولوں میں امتحانی ڈیوٹی کے لئے مقرر نہیں کیا جائے گا۔