پیف پارٹنر سکول تعلیمی کیلنڈر پر عمل در آمد یقینی بنائیں‘طارق محمود

جمعہ 11 مارچ 2016 14:12

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مارچ۔2016ء) منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طارق محمود نے کہا ہے کہ فاؤنڈیشن کے پارٹنرسکول اکیڈمک کیلنڈر پر سختی سے عمل درآمدکو یقینی بنائیں ، خلاف ورزی کی صورت میں سکولوں کے خلاف کار روائی کی جائے گی۔ یہ بات مینجنگ انہوں نے اپنے دفتر میں کوآرڈینیشن میٹنگ سے خطاب میں کہی۔اجلاس میں ڈپٹی ایم ڈی (آپریشنز) طارق رفیق سمیت مختلف پروگرام ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

اس موقع مفت تعلیم کے منصوبوں پر عمل درآمد کی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی پیف نے کہا کہ مفت تعلیم کے منصوبوں سے تعلیم عام کرنے میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ اس حوالے سے یہ بات اطمینان بخش ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے کچی آبادیوں اور دور دراز علاقوں میں سکول کھلوا کر لڑکیوں کو حصول علم کے مواقع مہیا کیے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹنر سکولوں میں فروغ تعلیم کے ساتھ ساتھ خوش گوار تعلیمی ماحول کی فراہمی کو بھی یقینی بنا یا گیا ہے جس سے طالب علموں کی شخصیت میں خود اعتمادی اور لیڈر شپ کے اوصاف اجاگر ہوں گے۔ طارق محمود نے اس امر پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا کہ پارٹنر سکولوں کی شکایات کے بر وقت ازالے کے لیے مرکزی شکایات سیل قائم کر دیا گیاہے۔اس حوالے سے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو [email protected]پر شکایات ای میل بھی کی جاسکتی ہیں۔یہ سیل شکایات کے بر وقت ازالے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔