کلر سیداں،حکومت دالوں کے کاشتکاروں کو متعدد ترغیبات اور سہولیات فراہم کر رہی ہے، ڈاکٹر محمدخالد

جمعہ 11 مارچ 2016 15:26

کلرسیداں ۔ 11 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 مارچ۔2016ء) ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) ڈاکٹر محمدخالد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب دالوں کی کاشت کے فروغ کے لئے زمینداروں کو متعدد ترغیبات اور سہولیات فراہم کر رہی ہے، حکومت پنجاب دالوں کی کاشت کے فروغ کے لئے ترقی دادہ اقسام کے میعاری بیج کی رعائتی نرخون پر فراہمی، دالوں کی کاشت کے لئے آدھی قیمت پر ڈرل کی فراہمی، دالوں کی پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہی کے لئے نمائشی پلاٹ وغیرہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلر سیداں کی زمین اور آب و ہوا دالوں کی بھر پور پیداوار کے لئے نہایت موزوں ہے۔دالوں کی جدید اقسام 3 ماہ سے کم عرصہ میں پک کر تیار ہو جاتی ہیں اور کلر سیداں میں محکمہ زراعت کے رابطہ زمینداروں کے پاس ان اقسام کا بیج وافر مقدار میں موجود ہے۔گندم کے بعد خالی رقبوں پر دالوں کی کاشت سے اضافی آمدن حاصل کی جاسکتی ہے۔زمینوں کا آبی کٹاوٴ رک جاتاہے اور فصلوں کے ہیر پھیر سے جڑی بوٹیوں کا تدارک ممکن ہو جاتاہے۔