حریت رہنماؤں کی طرف سے پروفیسر گیلانی، شبیر شاہ، نعیم خان کی رہائی پر زور

بھارت گرفتاریوں کے ذریعے ملک میں کشمیریوں کے حق میں اٹھنے والی آوازوں کو دبانا چاہتا ہے

جمعہ 11 مارچ 2016 17:21

سرینگر۔ 11 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 مارچ۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں محمد یوسف نقاش اورحکیم عبدالرشید نے کہاہے کہ بھارت کشمیری دانشور سید عبد الرحمن گیلانی کو مختلف جھوٹے الزامات میں ملوث کر کے بھارتی دانشوروں اور باضمیر لوگوں کی طرف سے کشمیریوں کے حق میں اٹھنے والی آوازوں کو دبانا چاہتا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماؤں نے سرینگر کے علاقے شنگلی پورہ میں نماز جمعہ کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے سید عبدالرحمن گیلانی کے خلاف بغاوت کا جھوٹا مقدمہ قائم کیا ہے۔

انہوں نے پروفیسر گیلانی، حریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ اور نعیم احمد خان کی غیر قانونی نظربندی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے کہاکہ بھارت حریت قائدین کو غیر قانونی طورپر نظربند کرکے کشمیریوں کو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزدی سے باز رکھنے کی ناکام کو شش کر رہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبد الله کے حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی کشمیر بارے قراردادوں کو ہم دنیا کے سامنے ایک دلیل کی حیثیت سے پیش کرتے ہیں کہ سب سے بڑے جمہوری ملک ہونے کے دعوے دار بھارت نے کس طرح کشمیرپر غیر قانونی طورپر قبضہ کر کے کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق، حق حق خود ارادیت پر شب خون مارا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کو چاہئے کہ وہ مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت تسلیم کرکے کشمیر کو اٹوٹ انگ کہنا چھوڑ دے اور عالمی سطح پر کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرے۔ حریت رہنماؤں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ ادھر حریت رہنماء سید بشیر اندابی نے ایک بیان میں حالیہ دنوں شہید ہوئے نصف درجن حریت پسند نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا ہماری تحریک آزادی کا بیش قیمت اثاثہ ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا۔

انہوں نے واضح کیاکہ بھارت ظلم و تشدد ، گرفتاریوں اور قتل عام کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتا اور جدوجہد آزادی کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائیگا۔سید بشیر اندرابی کی ہدایت پر کشمیر فریڈم فرنٹ کے رہنماؤں اور کارکنوں نے رتنی پورہ پلوامہ میں احتجاجی مارچ کیا۔ اس دوران پارٹی رہنماؤں شاہد مقبول، شمیم احمد، مبارقی ارجمند، اعجاز احمد اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کشمیری دانشور پروفیسر آیس اے آر گیلانی اور جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے گرفتارطلبا کی رہائی اور وادی کے اطراف و اکناف میں کی جا رہی گرفتاریوں کاسلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :